Live Updates

خیبر پختونخوا میں بارہ روزہ خسرہ مہم کا آغاز‘ 48 لاکھ بچوں ٹیکے لگوائے جائینگے، پانچ ہزار ٹیمیں تشکیل

صحت اور تعلیم پی ٹی آئی حکومت کی توجہ کا مرکز ہے ، وزیر صحت کی خسرہ مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 15 اکتوبر 2018 17:27

پشاور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) محکمہ صحت کی جانب سے بارہ روز ہ خسرہ بچائو مہم کی افتتاحی تقریب پیر کے روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام الله تھے ۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری اورڈی جی ہیلتھ سمیت محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زیر صحت نے کہاکہ 15 سے 27 اکتوبر تک چلائی جانے والی اس مہم کے دوران صوبہ بھر میں 48 لاکھ 16 ہزار بچوں کو خسرہ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ صحت اور تعلیم کا شعبہ پی ٹی آئی حکومت کی توجہ کا مرکز ہے اور ان شعبوں میں انقلابی اقدامات کررہے ہیں جس کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود اور عام آدمی تک تعلیم اور صحت کے سہولیات کی رسائی ہے ۔

(جاری ہے)

تقریب میں بچے کو خسرہ سے بچائو کا ٹیکہ لگوا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیاگیا ۔ خسرہ مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں؂خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں موجود ہونگی جہاں پر حجرے ‘ مساجد ‘ سکول اور صحت مراکز میں بچوں کو خسرہ سے بچائو کے ٹیکے لگائے جائیں گے ۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ایوب روز کا کہنا تھا کہ خسرہ کے ویکسین 1960 سے استعمال میں چلے آرہے ہیں جو کہ محفوظ اور موثر ہیں اور عالمی ادارہ صحت کی تجویز کردہ ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر والدین ‘ اساتذہ ‘ سول سوسائٹی اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ قومی نوعیت کے اس پروگرام میں حکومت کا ساتھ دیں اور اس مہم میں ایک ذمہ دار شہری کا کردار نبھائیں ۔

انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں رواںسال کے دوران خسرہ کے دس ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں 23 نونہال جان کی بازی ہارچکے ہیں ۔ خسرہ جیسے مہلک بیماری سے بچائو کا واحد طریقہ خسرہ سے بچائو کا حفاظتی ٹیکہ ہے ۔ واضح رہے کہ یہ مہم 2014کے بعد دوسری بار چلائی جارہی ہے جس میں ہمیں اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں عالمی ادارہ صحت اور یو نیسیف کی مالی اور تکنیکی معاونت حاصل ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات