امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وزیر دفاع جم میٹس کو برطرف کرنے کا عندیہ

پیر 15 اکتوبر 2018 17:46

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وزیر دفاع جم میٹس کو بھی اٴْن کے عہدے سے برطرف کیا جاسکتا ہے۔صدر ٹرمپ نے گذشتہ روز امریکی ٹیلی ویژن چینل سی بی ایس کے پروگرام 60 منٹس میں انٹرویو کے دوران کہا کہ اٴْنہیں اس بات کی کوئی خبر نہیں کہ جم میٹس عہدہ چھوڑنے والے ہیں۔ تاہم اٴْنہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ وہ عہدہ چھوڑنے والے ہوں۔

مزید وضاحت کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اٴْن کے خیال میں جم میٹس بڑی حد تک ڈیموکریٹک پارٹی کی ذہنیت رکھتے ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ میرین کور کے ریٹائرڈ جنرل جم میٹس اچھے انسان ہیں اور میٹس کے ساتھ اٴْن کا تعلق بہت اچھا رہا ہے تاہم وہ عہدے سے الگ ہوسکتے ہیں کیونکہ ہرایک کو کسی نہ کسی وقت عہدہ چھوڑنا ہوتا ہے، امریکامیں ایسا ہی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ اپنے اقتدار کے دوران اب تک درجنوں اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کو فارغ کرچکے ہیں جبکہ کچھ اہلکاروں نے خود سے عہدہ چھوڑ دیا۔ ان میں حالیہ ترین واقعہ اقوام متحدہ میں امریکا کی مستقل مندوب نکی ہیلی کا ہے جنہوں نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ اس سال کے اختتام سے قبل اپنے عہدے سے سبکدوش ہورہی ہیں۔ قبل ازیں وزیر دفاع جم میٹس کے بعض اوقات صدر ٹرمپ اور قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن سمیت اٴْن کے چند سخت گیر اہلکاروں سے اختلافات کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اب بھی اٴْن کی انتظامیہ میں بعض ایسے عہدیدار موجود ہیں جو ان کیلئے قابل اعتماد نہیں ہیں۔ اٴْنہوں نے اکثر اٹارنی جنرل جیف سیشنز پر تنقید کی مگر اٴْنہوں نے اب تک اٴْنہیں ان کے عہدے سے نہیں ہٹایا ہے۔ جیف سیشنز 2016 ء کے صدارتی انتخاب میں مبینہ روسی مداخلت کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں اور وہ اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا امریکاکے صدر کی حیثیت سے ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تحقیقات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی تھی۔

تاہم صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے اندر اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اٴْنہیں جعلی قرار دیا اور کہا کہ اٴْنہیں اپنی انتظامیہ میں رد وبدل کرنے کا پورا اختیار حاصل ہے اور اٴْن کی فہرست میں مزید ایسے لوگ موجود ہیں جو اٴْن کی انتظامیہ کا حصہ بن کر بہترین کام کرسکتے ہیں۔