آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

،گارڈ آف آنر پیش کیاگیا یقین دلاتا ہوں اصلاحات سروس ڈلیوری کیلئے ہوں گی ،اصلاحات کا ایجنڈا صرف عوام کیلئے ہوگا اس پر یقین نہیں رکھتا کہ مزید اختیارات مانگے جائیں ،پولیس کے پاس پہلے ہی بے پنا ہ اختیارات ہیں‘ میڈیا سے گفتگو

پیر 15 اکتوبر 2018 17:46

آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے عہدے کا چارج سنبھال لیا
ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) پنجاب کے نئے آئی جی امجد جاوید سلیمی نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ۔ سنٹرل پولیس آفس آمد پر اعلیٰ افسران نے آئی جی پنجاب کا استقبال کیا جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ آئی جی پنجاب نے استقبال کیلئے موجود تمام افسران سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور بعد ازاں انہیں مختلف امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ ہم نے اصلاح ، احتساب اور سروس ڈلیوری کرنی ہے ۔موجودہ حکومت پولیس میں اصلاحات کرنا چاہتی ہے اور میں یقین دلاتا ہوں کہ یہ اصلاحات سروس ڈلیوری کے لئے ہوںگی اور اصلاحات کا ایجنڈا صرف عوام کیلئے ہوگا ۔

(جاری ہے)

میں اس پر یقین نہیں رکھتا کہ مزید اختیارات مانگے جائیں ۔ پولیس کے پاس پہلے ہی بے پنا ہ اختیارات ہیں ۔

آج بھی جو ایکٹ نافذ ہے اس سے بھی مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور ہمیں یہ سوچنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی ایک شہری ہوں اور جب میں پولیس کی یونیفارم پہنتا ہوں تو اس کے بعد کیوں کسی شہری کو مجھ سے شکایت ہو ،ہم نے اس حوالے سے اصلاحات کرنی ہے ۔ آئی جی نے کہا کہ آپ یہ وقت نوٹ کر لیں میری کمٹمنٹ کو نوٹ کریں کہ ہم سروس ڈلیوری کیلئے اصلاحات کریں گے ۔

کرپشن ، اختیارات کے ناجائز استعمال اور پولیس کی استعداد کار کی کمی کی شکایات ہیں جنہیں نے ہم نے ٹھیک کرنا ہے ۔ آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ تھانوں میں زیادتی ہوتی ہے، مقدمات درج نہیں ہوتے، شہر میں ہر ڈکیتی اور چوری کی واردات کا مقدمہ درج کروں گا۔پولیس کی تعداد ایک لاکھ 80ہزار کے قریب ہے جبکہ آبادی دس کروڑ سے زائد ہے ،آبادی کے لحاظ سے پولیس کی نفری کم ہے، تعداد کے مطابق پالیسیاں بنائیں گے، ضلعوں میں ریسورس مینجمنٹ سینٹرقائم کریں گے۔

آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کے لئے احتساب یونٹ بنانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ کسی بھی پولیس افسر کے خلاف شکایت پربلا تفریق کارروائی کی جائے گی ۔میں یقین دلاتا ہوں کہ عوام کو پنجاب پولیس میں واضح بہتری اور تبدیلی نظر آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ افسران کو لگانا اور ہٹانا حکومت کا کام ہے ،ہمارا کام خدمت کرنا ہے ۔ اپنی صلاحیت کے مطابق کام کرنے کی کوشش کریں گے۔