فاسفورس و نمکیات کی کمی جانوروں کی بڑھوتری کو متاثر کررہی ہے، ترجمان محکمہ لائیوسٹاک

پیر 15 اکتوبر 2018 18:08

فیصل آباد۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء)فاسفورس و نمکیات کی کمی جانوروں کی بڑھوتری کو متاثر کررہی ہے لہٰذا لائیو سٹاک فارمرز مذکورہ کمی کو پوراکرنے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں ۔لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بتایاکہ نمکیات کو مویشیوں و جانوروں کی خوراک میں انتہائی اہمیت حاصل ہے اور یہ نمکیات مختلف طریقوں سے جانوروں کو فراہم کئے جاتے ہیں کیونکہ ان کی کمی جانوروں میں افزائش نسل اور کام کرنے کی صلاحیت کو کم کردیتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ دوددھ دینے والے مویشیوں میں دودھ کی مقدار اور صحت مند گوشت کی پیداواری صلاحیت آہستہ آہستہ کم ہونے کا موجب بھی فاسفورس اور دیگر نمکیات کی کمی ہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مویشی پال حضرات جو چارہ جانوروںکو فراہم کررہے ہیں وہ نمکیات کے مقررہ معیار پر پورانہیں اترتا ۔ انہوںنے کہاکہ مویشی پال حضرات اور کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ سبزچارہ کاشت کرتے ہوئے زمین میں فاسفورسی کھادوں کا متوازن استعمال یقینی بنائیں تاکہ مویشیوں وجانوروں کی دودھ وگوشت کی پیداوار ی صلاحیت میں اضافہ ممکن بنایاجاسکے۔