ملک بھر میں عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی بھر پور طریقے سے منایا گیا

پیر 15 اکتوبر 2018 18:18

فیصل آباد۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) فیصل آباد سمیت ملک بھر میں بصارت سے محروم افراد کا عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی پیر کو اس عزم کے ساتھ منایاگیا کہ یہ افراد بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں لہٰذا انہیں نظر انداز کرنے کی بجائے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر کے عام افراد کے شانہ بشانہ زندگی کی دوڑ میں شامل کرنے کے مواقع فراہم کئے جا نے چاہئیں۔

گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول کے سینئر ایجوکیشن ٹیچرز نے اس موقع پر بتایا کہ بصارت سے محروم افراد کے عالمی دن کے حوالے سے خصوصی پروگرامز ترتیب دئیے گئے تھے جن میں سیمینار،مذاکرے اور آگہی واکس شامل تھیں۔انہوں نے بتایاکہ بے بصر افراد اس رنگ و بو کی دنیا کو نہیں دیکھ سکتے مگر حقیقت میں وہ بصیرت کی دولت سے مالا مال ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ نی1964 ء میں نابینا افراد کے حقوق کے تحفظ کا بل منظور کرتے ہوئے ہر سال 15 اکتوبر کو سفید چھڑی کے تحفظ کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں خصوصی بچوں کی تعلیم وتربیت کیلئے گورنمنٹ اور این جی اوز کے تحت تقریبا 200 ادارے خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ حکومت پنجاب اس سلسلہ میں مزید بہتر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خصوصی بچوں کومراکز میں مفت داخلہ وتعلیم وتربیت،کتب،یونیفارم کے علاوہ ماہانہ دو سو روپے وظیفہ اور فری ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ اعلی تعلیم کیلئے لاہور اور بہاولپور میں گورنمنٹ ڈگری کالج آف سپیشل ایجوکیشن قائم کئے گئے ہیں اور لاہور ہی میں نابینا طلبہ کے اساتذہ کیلئے کالج ڈپلومہ اور پوسٹ گریجوایٹ سطح کے کورسز کروائے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور اور بہاولپور میں جدید بریل پرنٹنگ پریس قائم کئے جائیں گے ۔دریں اثناء فیصل آبا دمیں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران چوہدری عبدالحمید ڈی ای او سپیشل ایجوکیشن نے کہا کہ یہ بہت قیمتی لوگ ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے بے انتہاء صلاحیتوں سے مالا مال کیا ہے حتیٰ کہ فیصل آباد کے ڈاکٹر ماجد نے سی ایس ایس میں بھی شاندار کامیابی حاصل کی ہے جو نابینا ہونے کے باوجود عزم و استقلال کی اعلیٰ مثال ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بینائی سے محروم بچوں کو آپ کا تعاون چاہیے جس سے یہ بچے بہت آگے جا سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہ نابینا بچے بھی ہماری قوم کا مستقبل ہیں۔سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان نے اس موقع پر کہا کہ اساتذہ کی محنت کا ثمر ہے کہ بچے اچھی پر فارمنس دے رہے ہیں لہٰذا ان بچوں کی تربیت نیکی اور ہمارے لئے راہ نجات کا ذریعہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم والدین سے ہر طرح کا تعاون کریں گے اس لئے قدرتی معذوری کے باعث والدین بچوں کیلئے گھبرائیں نہیں ۔

انہوںنے کہا کہ والدین اللہ کی رضا پر راضی ہوں کیونکہ یہ اللہ کانظام ہے نیز یہ بچے کسی سے بھی کم نہیں اور ہم ان کیلئے ہر قسم کے فنڈز دینے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوںنے بچوں کے نظم و ضبط پر بھی زبر دست مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔