پشاور نے تیرہویں انٹر ڈویژنل جوڈو چیمپئن شپ جیت لی

پیر 15 اکتوبر 2018 18:18

پشاور نے تیرہویں انٹر ڈویژنل جوڈو چیمپئن شپ جیت لی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) پشاور نے 13ویں انٹر ڈویژنل جوڈو چیمپیئن شپ جیت، کوہاٹ نے دوسری اور ہزارہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا جوڈو ایسوسی ایشن، ڈسٹرکٹ جوڈو ایسوسی ایشن اور ڈویژنل سپورٹس آفیسر کوہاٹ کے زیر اہتمام دو روزہ 13ویں انٹر ڈویژنل جوڈو چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی، ایونٹ میں 7 ڈویژنز پشاور، مردان، کوہاٹ، لکی مروت، ڈی آئی خان، ہزارہ اور مالاکنڈ کے 34 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

چیمپئن شپ میں چار مختلف کیٹگریز کے مقابلے ہوئے جس میں -60، -67، -73، 73+ اور خواتین میں -44، -48، -52 اور -63 کلوگرام کیٹگریز کے مقابلے ہوئے۔ ایونٹ میں پشاور کی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 طلائی، ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیت کر 90 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، کوہاٹ کی ٹیم نے 2 طلائی، ایک چاندی اور 3 کانسی کے تمغے حاصل کرکے 55 پوائنٹس کے دوسری جبکہ ہزارہ کی ٹیم نے ایک طلائی، 3 چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کرکے 50 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

ایونٹ کی اختتامی تقریب کے موقع پر کوہاٹ کے ناظم فرید ثقلین مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا جوڈو ایسوسی ایشن کے صدر مسعود احمد خان اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ثقلین شاہ کے ہمراہ جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔