فلیٹیز انٹرنیشنل مین اینڈ ویمن ٹورنامنٹ کے مین اینڈ ویمن کے سیمی فائنلز (کل )کھیلے جائیں گے

پیر 15 اکتوبر 2018 18:33

فلیٹیز انٹرنیشنل مین اینڈ ویمن ٹورنامنٹ کے مین اینڈ ویمن کے سیمی فائنلز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام فلیٹیز انٹرنیشنل مین اینڈ ویمن ٹورنامنٹ کے مین اینڈ ویمن کے سیمی فائنلز کل بروز ( منگل ) کو کھیلے جائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل فرانس کی ملیسا ایلوس اور مصر کی مینا ناصر کے ساتھ ہوگا۔ دوسرا سیمی فائنل مصر کی فریدہ مومن (مصر) اور مقدس اشرف(پاکستان)کے ساتھ ہوگا۔

گزشتہ روز گرلز کے کوارٹرفائنلز مکمل ہوئے۔ ایک اپ سیٹ ہوا جب ان سیڈڈ مقدس اشرف (پاکستان) نے ٹورنامنٹ کی ٹاپ سیڈڈ مدینہ ظفر(پاکستان) کو سخت مقابلے کے بعد ہرایا۔ اس موقع پر پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ندیم مختار، سیکرٹری شیراز سلیم، خزانچی طارق صدیق ملک، نائب صدر طارق فاروق رانا، پاکستان سکواش ایسوسی ایشن کے نائب صدر طاہر خانزادہ، خزانچی محمد وقاص اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز خواتین کے کوارٹرفائنلز کے مقابلے ہوئے۔ پہلے کوارٹرفائنل میں فرانس کی ملیسا ایلوس نے مصر کی فرح مومن کو 11/3, 11/4, 11/8 سے 19 منٹ میں ہرا دیا۔ دوسرے کوارٹرفائنل میں مصر کی مینا ناصر نے پاکستان کی رفعت خان کو 11/8, 11/3, 11/1 سے ہرا دیا۔ تیسرے کوارٹرفائنل میں مصر کی فریدہ مومن نے ایران کی ایرزوسعادت کو 11/5, 11/2, 11/5 سے 24 منٹ میں ہرا دیا۔ چوتھا کوارٹرفائنل ٹورنامنٹ کی ٹاپ سیڈ مدینہ ظفر (پاکستان ) اور ان سیڈڈ مقدس اشرف (پاکستان)کے درمیان تھا جو بہت ہی زبردست میچ رہا۔ دونوں کے درمیان میچ 2-2 سے برابر رہا۔مقدس اشرف نے مدینہ ظفر کو 7/11, 14/12, 6/11, 11/6, 11/7 سے 51 منٹ میں جیت کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔