حکومت نے دو سالوں میں دینی اقدار کا تحفظ کیا، ختم نبوت کو آئین کا حصہ بنایا،راجہ محمد فاروق حیدر

ہجیرہ ضمنی الیکشن میں تمام مکاتب فکر مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد کا مسلم لیگ ن کے اوپر اعتماد انشا اللہ ہماری کامیابی کی ضمانت ہے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

پیر 15 اکتوبر 2018 18:56

ہجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت نے دو سالوں میں دینی اقدار کا تحفظ کیا۔ ختم نبوت کو آئین کا حصہ بنایا ۔ہائی کورٹ میں شریعہ اپیلٹ بینچ اور اسلام نظریاتی کونسل کو آئینی تحفظ دیا۔ قراہ حضرات کے اعزازیہ میں اضافہ کیا۔ دعوہ سے کہتا ہوں ماضی میں شریعت کورٹ صرف من پسند ججز کی تقرریوں کے لیے ہی بنائی گئی تھی۔

ہائی کورٹ میں عالم جج کی تقرری میرٹ پر باقاعدہ ٹیسٹ انٹریو کے ذریعہ کی جائے گی۔ تحصیل اور ضلع مفتی صاحبان کی آسامیوں کا معاملہ یکسو کریں گے۔جمعیت علماء اسلام کے ہجیرہ کے ضمنی الیکشن میں غیر مشروط حمایت پر مولانا سعید یوسف اور ان کی ٹیم کے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہجیرہ میں جمعیت العلماء اسلام کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت مولانا کمال الدین نے کی جبکہ تقریب سے بیرسٹر افتخار گیلانی ، مولانا افتخار، کامران مرزا، ناصر اصغر ، ندیم ،مولانا غلام نبی ، و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وزیرا عظم نے کہا کہ ہم نے دو سالوں میں آزادکشمیر میں دینی اقدار کا احیاء کیا ۔ اس کے لیے باقاعدہ آئین سازی کی او ر اللہ تعالیٰ نے فتنہ قادینیت کے تدارک کا ہم سے کام لیا۔

جبکہ کے کچھ لوگوں کو اس مرحلہ پر ووٹ ڈالنے کی توفیق نہ ہوئی۔ جبکہ کچھ نے یہ کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں منفی تاثر جائے گا۔ آزادکشمیر میں ناظرہ قران پاک کی تعلیم لازمی قرار دی جائے گی۔ سردار خان بہادر خان نے بھی ختم نبوت کے قانون میں اپنا حصہ ڈالا،یہ یقینا ان کے لیے اور ہمارے لیے بھی آخر میں نجات کا باعث بنے گا۔جب ختم نبوت کے لیے آئین سازی مکمل ہوئی تو مولانا فضل الرحمان نے مجھے فون کیا اور کہا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ میں اڑ کر آئوں اور گلے لگا کرآپ کو مبارکباد دوں ۔

رب العزت کا شکر ہے اس نے ہم سے جو دو سالوںمیںجو کام لیے وہ کسی اور کے مقدر میں نہیں آئے ۔ کچھ لوگوں کے بعض اور حسد کا علاج نہیں ۔انہوں نے ہمیشہ عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی ۔ مگر جب اللہ کی مخلو ق کے ساتھ حکمران دھوکہ کرتا ہے تو پھر وہ اس کی پکڑ میں ضرور آتا ہے۔ اللہ رب العزت سے استدعا ہے کہ وہ ہماری رہنمائی فرمائے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہجیرہ ضمنی الیکشن میں تمام مکاتب فکر مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد کا مسلم لیگ ن کے اوپر اعتماد انشا اللہ ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔ جمعیت العلماء اسلام کے رہنمائوں نے آزادحکومت کے گزشتہ دو سالوں کے دوران اقدامات کی بھرپور تعریف کی۔