کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی مقبوضہ کشمیرمیں صحافیوں پر عائد پابندیوں کی شدید مذمت

پیر 15 اکتوبر 2018 18:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میںکشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے قابض انتظامیہ کی طرف سے صحافیوں کی نقل و حرکت پر عائد پابندیوںپر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ دو حالیہ واقعات صحافیوں کے پولنگ اسٹیشنوں میں داخلے پابندی اور انہیں شہید کشمیری سکالر ڈاکٹر منان وانی کے جنازے کی کوریج سے روکنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ قابض انتظامیہ نے وادی کشمیرمیں صحافیوںکو اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی اور انکی آزادانہ نقل و حرکت پر پابندیاںعائد کر رکھی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ حالیہ ڈھونگ انتخابات کے دوران بھارتی فورسز نے صحافیوں کو مختلف پولنگ اسٹیشنوں میں داخلے سے روکا حالانکہ انکے پاس چیف الیکشن آفیسر کی طرف سے جاری الیکشن ڈیوٹیز سے متعلق کارڈ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ گیارہ اکتوبر کو صحافیوں کو شمالی کشمیر کے گائوں لولاب میں شہید ڈاکٹر منان وانی کی نماز جنازہ کی کوریج کی اجازت نہیں دی گئی ۔

انہوںنے کہاکہ ڈاکٹر منان وانی کے جنازے کے دوران صحافیوں کو کئی گھنٹوں تک محصور رکھا گیا۔ رپوٹروںنے جنازے کی کوریج کیلئے اعلیٰ پولیس افسروںسے رابطہ کیا تاہم انہیں جنازے کی کوریج کی اجازت نہیں دی گئی ۔ ترجمان نے افسوس ظاہر کیاکہ اسلام آباد کے علاقے Ahshajiپورہ میں بھارتی پولیس اور سینٹرل ریزروپولیس فورس کے اہلکاروںنے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا کرنے والے صحافیوں پر وحشیانہ تشدد کیا اور انکے کیمرے توڑ دیئے ۔ انہوںنے کہاکہ ابھی تک اس سلسلے میں کوئی مقدمہ بھی درج نہیں کیاگیا ہے ۔