ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروںکی کامیابی نواز شریف ، شہباز شریف پر عوام کے بھرپور اعتما د کی مظہر ہے،راجہ محمد فاروق حیدر

شاہد خاقان عباسی اور خواجہ سعد رفیق جیسے جہاںدیدہ ارکان پارلیمنٹ کے آنے سے قومی اسمبلی کا وقار بڑھے گا ،وزیر اعظم آزاد کشمیر

پیر 15 اکتوبر 2018 19:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) وزیر اعظم آزادکشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروںکی کامیابی محمدنواز شریف اور محمد شہباز شریف پر عوام کے بھرپور اعتما د کی مظہر ہے ۔ مسلم لیگ ن نے انتہائی نامساعد حالات کے باوجود جم کر الیکشن میں حصہ لیا ، ملک میں جمہوریت کے تسلسل کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔

ضمنی انتخابات میں جیتنے والے مسلم لیگ ن کے تمام منتخب نمائندوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور توقع ہے کہ وہ محمد نواز شریف کا بیانیہ آگے بڑھانے میں اپنا اہم کردار ادا کرینگے ۔ وزیر اعظم نے ان خیالات کااظہار اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور خواجہ سعد رفیق جیسے جہاںدیدہ ارکان پارلیمنٹ کے آنے سے قومی اسمبلی کا وقار بڑھے گا کیونکہ ان کی کمی مسلسل محسوس کی جارہی تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی پر ایک طرف تو قائد پاکستان محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتاہوں جب کہ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے تمام کارکنوں کو جنہوں نے دن رات محنت کی اور جم کر کھڑے رہے کو مبارکباد پیش کرتاہوں ۔ انہوں نے کہاکہ میں ثمر ہارون بلور کو بھی الیکشن جیتنے پر مبارکباد پیش کرتاہوں جن کے شوہر انتخابی مہم کے دوران دہشتگردی کا نشانہ بن گئے تھے ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ جمہوریت کا تسلسل ملک کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے ۔ ضمنی انتخابات لوگوں نے ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ ن پر جس اعتما د کا اظہار کیا ہ اس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ پاکستان کے عوام ملک کی خالق جماعت سے اپنی محبت قائم رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اب اتفاق و اتحاد سے آگے بڑھنا ہے اور تما م رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ملک کو ترقی کی جانب لیکر جانا ہے ۔