خودکش حملے کا خطرہ ،ْانقرہ میں ایرانی سفارتخانہ خالی کرالیا گیا

وزارت خارجہ کے بیان میں انقرہ کے سفارتخانے میں بم حملے اور عمارت کو خالی کرانے کی رپورٹس کی تنقید

پیر 15 اکتوبر 2018 20:03

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ایرانی سفارتخانے کو خودکش حملے کے خطرے کے پیش نظر خالی کرالیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں ترکی کے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا کہ مبینہ خودکش بمبار کے سفارت خانے میں داخل ہونے کی رپورٹس کے بعد ایرانی سفیر اور دیگر عملے کو عمارت سے باہر نکال لیا گیا۔

ڈی ایچ اے نیوز ایجنسی کے مطابق ترک دارالحکومت میں ایرانی مشن کو ممکنہ خودکش حملے سے متعلق خبردار کیا گیا تھا تاہم اس تنبیہ کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔خودکش حملے کے خطرے کے بعد پولیس نے سفارت خانے کے اطراف کی سڑکیں بند کرنے کے بعد عمارت کے قریب کھڑی گاڑیوں کی جامع تلاشی لی تاہم ایران نے انقرہ میں اپنے سفارتخانے میں خودکش حملے کے خطرے کو رد کردیا۔

(جاری ہے)

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق وزارت خارجہ کے بیان میں انقرہ کے سفارتخانے میں بم حملے اور عمارت کو خالی کرانے کی رپورٹس کی تنقید کی۔واضح رہے کہ 2015 اور 2016 میں ترکی میں متعدد خودکش حملے ہوئے تھے جن کی ذمہ داری کرد عسکریت پسندوں اور داعش نے قبول کی تھی۔داعش کی جانب سے قبول کیا جانے والا آخری حملہ جنوری 2017 میں استنبول کے نائٹ کلب میں نئے سال کی تقریب کے دوران فائرنگ کا واقعہ تھاجس میں 39 افراد ہلاک ہوئے تھے۔