گیل اور یووراج کی ٹی ٹونٹی میں تیز ترین ففٹی کا عالمی ریکارڈ برابر کرنا میرے لئے باعث فخر لمحہ ہے، حضرت اللہ زیزئی

پیر 15 اکتوبر 2018 20:45

گیل اور یووراج کی ٹی ٹونٹی میں تیز ترین ففٹی کا عالمی ریکارڈ برابر کرنا ..
شارجہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) افغانستان کے نوجوان بلے باز حضرت اللہ زیزئی نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی میں تیز ترین نصف سنچری کا کرس گیل اور یووراج سنگھ کا عالمی ریکارڈ برابر کرنا میرے لئے باعث فخر لمحہ ہے، گیل میرے آئیڈیل ہیں اور ان کے سامنے کارنامہ انجام دینے پر بہت انجوائے کر رہا ہوں۔

(جاری ہے)

حضرت اللہ نے افغانستان پریمیئر لیگ میں کابل زوانان کی نمائندگی کرتے ہوئے بلخ لیجنڈ کے خلاف میچ میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 گیندوں پر 7 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری بنا کر گیل اور یووراج کا تیز ترین ففٹی کا عالمی ریکارڈ برابر کیا۔

میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حضرت اللہ نے کہا کہ گیل ہمیشہ میرے آئیڈیل رہے ہیں اور ان کے سامنے تیز ترین ففٹی بنانے اور ایک اوور میں چھ چھکے لگانے پر بہت فخر محسوس کر رہا ہوں، یہ میرے لئے یادگار اننگز ہے اور میں اس خوشی کو الفاظ میں بیاں نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی کوشش ہو گی کہ جارحانہ کھیل پیش کر کے شائقین کو لطف اندوز کروں۔