اوپن یونیورسٹی کی نمائندہ ایسوسی ایشنز کا یونیورسٹی کے سینئر ترین ڈین پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی بحیثیت قائم مقام وائس چانسلر تعیناتی کا خیر مقدم

پیر 15 اکتوبر 2018 21:17

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی نمائندہ ایسوسی ایشنز نے یونیورسٹی کے سینئر ترین ڈین پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی بحیثیت قائم مقام وائس چانسلر تعیناتی کا خیر مقدم کیا۔ ایمپلائز ویلفئیر ایسوسی ایشن، آفیسرز ویلفئیر ایسوسی ایشن اور اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور یونیورسٹی کے روزمرہ امور کی انجام دہی میں ڈاکٹر ناصر محمود کو بھرپور تعاون اور سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر محمد ضیغم قدیر بھی موجود تھے۔ نمائندہ ایسوسی ایشنزکے صدور جن میں ڈاکٹر فضل الرحمان، مظہر سعیدی اور ساجد محمود جنجوعہ شامل ہیں، نے کہا کہ ڈاکٹر ناصر محمود کی بحیثیت قائم مقام وائس چانسلر تقرری وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا مثبت اور بروقت فیصلہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹر ناصر محمود کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر ناصر محمود یونیورسٹی کے چاروں ڈین میں سب سے سینئر ڈین ہیں۔ انہوں نے لیڈ یونیورسٹی برطانیہ اور میلبورن یونیورسٹی، آسٹریلیا سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ ڈاکٹر ناصر محمود نے ہائرایجوکیشن کمیشن سے بہترین استاد کا ایوارڈ بھی حاصل کر رکھا ہے۔ ،ْ انہیں ایچ ای سی فنڈڈ ریسرچ بیسڈ پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل کا اعزاز بھی حاصل ہے۔