Live Updates

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد کی صوبائی وزیرراجہ یاسر ہمایوں سرفراز، ڈاکٹر یاسمین راشد اور چیف سیکریٹری یوسف نسیم سے ملاقات

پیر 15 اکتوبر 2018 22:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد نے وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور چیف سیکریٹری یوسف نسیم سے ملاقات کی۔ نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس 2019 کے حوالے سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور وزیر ہائرایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اور چیف سیکریٹری نے وفد سے خطاب کیا۔

صوبائی وزیر راجہ یاسر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب معیار تعلیم کو بہتر کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ تعلیمی نظام میں بہتری کے بغیر کسی بھی شعبہ میں بہتری ممکن نہیں، تحریک انصاف عوام پر پیسہ خرچ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے وفد کو صحت کے شعبہ میں لی گئی اصلاحات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم تحریک انصاف کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

حکومت عوام کو صحت کی سہولیات انکی دہلیز پر مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ مختلف محکموں کے سیکریٹریز نے متعلقہ محکموں کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی۔ سیکریٹری داخلہ نے وفد کو پنجاب میں سیکیورٹی اور لاء اینڈ آرڈر کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبہ میں جاری ڈویلپمنٹ کے منصوبوں سے متعلق سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے بریفنگ دی۔ پنجاب میں صحت کے حوالے سے جاری منصوبوں پر سیکریٹری ہیلتھ نے شرکاء کو آگاہ کیا۔ جبکہ چیئر مین پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ نے ای-گورننس پر بریفنگ دی۔ کانفرنس کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن منعقد کیا گیا۔ صوبائی وزرا اور چیف سیکریٹری نے کانفرنس کے شرکاء کے سوالوں کے جواب دیئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات