ایس ای سی پی کی اینٹی منی لانڈرنگ اور کاؤنٹر ٹیرازم فنانسنگ پر ورکشاپ

پیر 15 اکتوبر 2018 22:08

ایس ای سی پی کی اینٹی منی لانڈرنگ اور کاؤنٹر ٹیرازم فنانسنگ پر ورکشاپ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے لئے مالیاتی اداروں میں رسک بیسڈ سسٹم کے نفاذ کے موضوع پر سوموار کو لاہور میں ورکشاپ منعقد کی۔یہ اس سلسلے کی دوسری ورکشاپ تھی۔ اس سے پہلے اس موضوع پر مالیاتی اداروں کے لئے کراچی میں بھی ورکشاپ منعقد کی جا چکی ہے۔

اس ورکشاپ میں سکیورٹیز مارکیٹ، انشورنس، تکافل، نان بینکنگ فنانشل سیکٹر سے بڑی تعداد میں نمائندوں نے شرکت کی۔ اس ورکشاپ کا مقصد مالیاتی اداروں میں ایس ای سی پی کی حال ہی میں نافذ کردہ اینٹی منی لانڈرنگ رجیم اور اس سلسلے میں جاری کردہ ریگولیشنز پر عمل درآمد کے حوالے سے آگہی فراہم کرنا تھا۔

(جاری ہے)

شرکاء کو اینٹی منی لانڈرنگ کے لئے جدید ممالک میں نافذ نظام کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

شرکاء کو ایس ای سی پی اور دیگر اداروں کے باہمی تعاون سے پاکستان میں نافذ کی گئی اینٹی منی لانڈرنگ (اے ایم ایل/سی ایف ٹی ) کی جامع رجیم پر تفصیل سے بریفنگ دی گئی اور اس پر عمل درآمد کے طریقہ کار اور ضرورت پر بھی بات کی گئی۔ایس ای سی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالدہ حبیب نے شرکاء کو اے ایم ایل/سی ایف ٹی کی اغراض کے لئے پاکستان میں مالیاتی اداروں پر لاگو کئے گئے قانونی فریم ورک سے آگاہ کیا۔

مزید برآں شرکاء کو ایف اے ٹی ایف کی ایشیا پیسفک گروپ کی جانب سے چالیس سفارشات پر ایف اے ٹی ایف اور پاکستان کی باہمی جانچ کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ انہوں نے ایس ای سی پی کی جانب سے ضوابط کے اجرااوراس ضمن میں سٹیک ہولڈرز کو رہنمائی فراہم کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ مشترکہ تفتیشی رجیم کے ممبر عارف الدین نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے لئے ایس ای سی پی کی کوششوں کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ مالیاتی اداروں اور تمام سٹیک ہولڈرز کی آگہی کے لئے ایسی ورکشاپ باقاعدگی سے منعقد ہونی چاہیے۔ ورکشاپ کے بعد شرکاء کا ایک انٹریکٹو سیشن منعقد کیا گیا،جس میں انہوں نے اپنے تجربات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کئے اور ایس ای سی پی کو بھی اپنی تجاویز و آراء سے آگا کیا۔ سوال وجواب کی نشست میں ایس ای سی پی کے افسران اور بروکرز کے لئے بنائی گئی مشترکہ تفتیشی رجیم کے اراکین شرکاء کے سوالوں کیجواب دئے۔ شرکاء نے اینٹی منی لانڈرنگ / کاؤنٹر فنانسنگ آف ٹیرا رزکے حوالے سے ایس ای سی پی کے اقدامات پر اپنی آراء کا بھی اظہار کیا۔