پولیس کالج چوہنگ، ٹریفک وارڈنز کیلئے تربیتی سیشن کا انعقاد ، معروف اداکار سہیل احمد کی بطور مہمان شرکت

اداکارسہیل احمد اورکیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے سماجی رویوں، اخلاقیات اور کریکٹر بلڈنگ پر خصوصی لیکچر دیا سینئر ٹریفک افسران سمیت 800سے زائد وارڈنز کی شرکت اخلاق سے بہتر کوئی ہتھیار نہیں، ہمیںاپنے رویوں کو تبدیل کر نے کی ضرورت ہے،سہیل احمد،کیپٹن(ر)لیاقت

پیر 15 اکتوبر 2018 23:03

پولیس کالج چوہنگ، ٹریفک وارڈنز کیلئے تربیتی سیشن کا انعقاد ، معروف ..
لاہور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) پولیس کالج چوہنگ میں ٹریفک وارڈنز کی کردارسازی، سماجی رویوں اور اخلاقیات پر درس دینے کیلئے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، معروف اداکار سہیل احمد عزیزی نے چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک کے ہمراہ بطور مہمان خصوصی شرکت کی،اس موقع پر ایس پی ٹریفک صدر ڈویژن سردار آصف خاں، ایس پی ٹریفک سٹی ڈویژن آصف صدیق، ایس پی ہیڈکوارٹرز منصور ناجی، ڈی ایس پی لائسنسنگ امیتاز الرحمن اور تمام سرکل افسران، سیکٹرانچارجز، ڈیوٹی افسران اور 800سو سے زائد ٹریفک وارڈنز، لیڈی وارڈنز نے شرکت کی، تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے ٹریفک وارڈنز میں موجود خوبیوں اور خامیو ں بارے تفصیلی بریفنگ دی، ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک وارڈنز ایک پڑھی لکھی فورس ہے اور 99فیصداہلکار ایماندار ہیں،مگرافسوس صرف ایک فیصد اہلکاروں کیوجہ سے محکمہ شرمندگی کا باعث بن رہا ہے، روڈز پر ہمارا کردار پوری پولیس کی فورس کی نمائندگی کرتا ہے،سٹی ٹریفک پولیس فورس کا چہرہ ہے،جو چند ٹریفک وارڈنز کے رویوں کیوجہ سے خراب ہو رہا ہے، ہمیں ایسے عناصر کی نشاندہی کر تے ہوئے ان کی اصلاح کرنی چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے رویوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،ڈیوٹی کرتے وقت آپ کو خوشی محسوس ہونی چاہیے،آپ خوش نصیب لوگ ہیں جنہیں اللہ نے شہریوں کی خدمت کیلئے منتخب کیا،ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی کو عباد ت سمجھ کر کریں ،ایسا کر نے سے ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ نیکیاں بھی کمائی جا سکتی ہیں، انہوں نے ٹریفک وارڈنز کو وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ نہ کرپشن کی ہے اور نہ ہی کسی کو کرنے دوں گا،کوئی بھی ٹریفک وارڈن ویلفیئر سمیت تمام اکاونٹس کا حساب لے سکتا ہے،سڑکوں پر ہمارا کردار ایک رول ماڈل جیسا ہونا چاہیے،تربیتی سیشن سے سہیل احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں بھی ایک پولیس والے کا بیٹا ہوں، آپ کے حالات کو مجھ سے زیادہ کوئی نہیں سمجھ سکتا، مجھے اپنے ملک کی پولیس سے پیار ہے مگر چند لوگوں کے رویوں کیوجہ سے پریشان ہو جاتا ہوں،ان کا کہناتھا کہ حسنہ اخلاق سب سے پہلے ہونا چاہیے،کلمات خیر، خیرات سے بہتر ہے، اخلاق سے بہتر کو کوئی تحفہ نہیں،آ پ کے اچھے کردار سے دشمن بھی دوست بن جائیگا، بھلائی اور برائی کبھی برابر نہیں ہوسکتی،برائی کا جواب بھلائی میں دینا چاہیے، آپ کا اچھا کام دیکھ کر سب سے زیادہ خوشی محسوس کرتا ہوں،تقریب کے دوران ایک لمحہ پر سہیل احمد آبدیدہ ہو گئے،انہوں نے مزید کہاکہ قوموں کی ترقی ملکی ٹریفک قوانین کی پابندی سے جانچی جا سکتی ہے، تربیتی سیشن کے اختتام پر پچاس سے زائد ٹریفک وارڈنز کو اچھی کارکردگی پر انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں،علاوازیں 27ٹریفک اہلکاروں میں امدادی چیک تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :