مخالفین تحریک انصاف کے خلاف غلط اور منفی پروپیگنڈہ کررہے ہیں، اپوزیشن کے اتحادکے باوجود نے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کی، وزیردفاع پرویزخٹک

پیر اکتوبر 23:30

مخالفین تحریک انصاف کے خلاف غلط اور منفی پروپیگنڈہ کررہے ہیں، اپوزیشن ..
نوشہرہ۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیردفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں پوری اپوزیشن جماعتیںمتحد ہوگئی تھیں لیکن اس کے باوجود ضمنی انتخابات میں تمام پارٹیوں کے متفقہ امیدواروں کو ایسی شکست دی کہ ان کو چھٹی کادودھ یاد دلادیا، پچھلے چار پانچ سال سے یہی بات کررہاتھا کہ ساری پارٹیاں متحد ہوجائیں تاکہ تحریک انصاف ان کو اکھٹی شکست دے اور اسی طرح ہوا، ضمنی انتخابات میں تمام مخالف پارٹیوں کا اتحاد تھا اور تحریک انصا ف اکیلی الیکشن لڑ رہی تھی، اتحاد بنانے کے باوجود تحریک انصاف نے ان کوشکست سے دوچار کیا اور تحریک انصاف نے دو تہائی اکثریت سے الیکشن جیتا، میں نوشہرہ کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے تیس سال سے مسلسل مجھ پر اورمیر ے خاندان پر بھر پور اعتماد کااظہار اور ہمیں مسلسل فتح سے ہمکنار کروایا خصوصاً خیبر پختونخوا کے عوام کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے تحریک انصاف کے چیرمین وزیر اعظم عمران خان اور تحریک انصاف پر اعتماد کیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات اظہار انھوں نے مانکی شریف میں اپنی رہائش پر مبارک باد کے لیے آنے والے وفود اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی لیاقت خان خٹک، ابراہیم خٹک، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، اسحق خٹک اور اسماعیل خٹک بھی موجود تھے۔پرویز خا ن خٹک نے کہا کہ ملک کی معاشی صورت بہتر نہیں ہے یہ سب سابق حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اورکرپشن کی وجہ سے ہے قرضے سابق حکومتوں نے لئے اوراس کا سود آج تحریک انصاف کی حکومت ادا کررہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ وقت سخت فیصلے لینے کا ہے، انشاء اللہ ایک سال کے اندر عوام کو بہتر نتائج ملیں گے مہنگائی سابق حکومت کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے عروج پر ہے ، ملک کو معاشی بدحالی سے نکالنے کے لیے ہمیں قرضے لینے پڑرہے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت ریفارمز کررہی ہے اور سسٹم کو ٹھیک کررہی اور انشاء اللہ عوام بہت جلد ریلیف ملے گا ۔پرویز خان خٹک نے کہا کہ جو لوگ مورثی سیاست کی باتیں کرتے ہیِ وہ آج دیکھ لیں، پورے پاکستان پر نظر ڈالیں تو معلوم ہو گا کہ ضمنی انتخابات میں وہ لوگ جیتے جو دن رات پارٹی کے لیے محنت کررہے تھے آج پی کے 64 میں میرا بھائی لیاقت خان خٹک اور پی کے 61 پر میرابیٹا ابراہیم خٹک الیکشن جیتے۔

انھوں نے کہا کہ یہ سب اس طرح تو نہیں ہوتا کہ آج وہ سیاست میں ائے اوران کوٹکٹ تھما دیایہ جیت ان کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں اور میرے خاندان کے چھ افراد دن رات عوام میں موجودرہتے ہیںاور اسی کی وجہ سے عوام نے ہمارے خاندان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں پچھلے تیس سال سے الیکشن جیت رہا ہوں، میرے گھر کے دروازے ہر وقت عوام کے لیے کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین تحریک انصاف کے خلاف غلط اور منفی پروپیگنڈہ کررہے ہیںجو بھی عوامی خدمت کرتا ہے عوا م اسی کو ہی ووٹ دیتے ہیں انھوں نے کہا کہ عوام باشعور ہوچکے ہیں اتنے سادہ نہیں کہ مورثی سیاست دانوںکوووٹ دیں۔ جو بھی کا م کرتا ہے عوام اسی کو ہی ووٹ دیتے ہیں ۔ عام انتخابات پر انگلیاں اٹھانے والوں کومعلوم ہوگیا کہ نہ توعام انتخابات میں دھاندلی ہوئی اور نہ ضمنی انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے کیونکہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتیں بھی الیکشن جیتی ہیں جو صاف وشفاف انتخابات کا بین ثبوت ہے۔