لالہ موسی،ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن کا مختلف سکولوں کا دورہ

پیر 15 اکتوبر 2018 23:30

لالہ موسیٰ۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن طارق حمید بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق سکول جانے کی عمر کے 100فیصد بچوں کے سکولوں میں داخلہ کیلئے بھرپور داخلہ مہم چلائی جائے، سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم بہتر بنا کر پرائیویٹ سکولز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوںنے گجرات کے مختلف تعلیمی اداروں کے دورہ کے موقع پر کیا، ایڈیشنل سیکرٹری نے گورنمنٹ ہائرسیکنڈری سکول کٹھالہ چناب، گورنمنٹ کمیونٹی ماڈل ایلمینٹری سکول کٹھالہ، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول قائد اکیڈمی، میونسپل ماڈل سکول جلالپور جٹاں اور کرسچین ماڈل ایلمینٹری سکول جلالپور جٹاں کا دورہ کیا، چیف ایگزیکٹوآفیسر ایجوکیشن لیاقت علی ناصر ، ڈی ای او افضل شاہد، محمد پرویز و دیگر افسران بھی موجو د تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن طارق حمید بھٹی نے دورہ کے موقع پر کلاس رومز میں طلبہ و طالبات سے بات چیت کی اور تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، انہوںنے سکولوں میں اساتذہ کرام کی حاضری، سکول کونسلز کے ذریعے فنڈز کے اخراجات ، صفائی کا بھی جائزہ لیا اور ایجوکیشن سیکٹر گجرات کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہا کہ فروغ تعلیم حکومت پنجاب کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، تعلیمی اداروں میں بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں ، اساتذہ کو سکولوں میں بہترین ماحول کی فراہمی کے ساتھ سخت مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری نے ہدایت کی کہ سینئر اساتذہ کرام اپنے تجربے کو برئوے کار لائیں جبکہ نوجوان ٹیچرز اپنے جوش و جذبے اور لگن کیساتھ ایجوکیشن سیکٹر کو بہتر سے بہترین بنانے کیلئے اپنا کردار اداکریں۔