خصوصی عدالت نے پرویزمشرف کیخلاف سنگین غداری کے مقدمہ میں ان کا بیان ریکارڈ کرنے کے لئے کمیشن تشکیل دے دیا

پیر 15 اکتوبر 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) خصوصی عدالت نے سابق صدرپرویزمشرف کیخلاف سنگین غداری کے مقدمہ میں سابق صدر کا بیان ریکارڈ کرنے کے لئے کمیشن تشکیل دیدیا۔ کمیشن دبئی جاکر سابق صدرپرویزمشرف کا342کا بیان ریکارڈ کرے گا۔ پیر کوجسٹس یاور علی خان کی سربراہی میںجسٹس طاہرہ صفدر اور جسٹس نذر اکبر پر مشتمل تین رکنی خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس کی سماعت کی ۔

اس موقع پر پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کے روبرو پیش ہوکراپنے دلائل میں کہا کہ پرویز مشرف ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ نہیں کرانا چاہتے بلکہ وہ چاہتے ہیںکہ وہ خود پیش ہو کر عدالت میں اپنا دفاع کریں ۔اس وقت میرے موکل پرویز مشرف شدید علیل ہیں، جسے ہی وہ روبصحت ہوں گے خود عدالت میں پیش ہوکر اپنابیان ریکارڈ کرائیں گے۔

(جاری ہے)

جس پربنچ کے سربراہ جسٹس یاور علی نے فاضل وکیل سے استفسار کیا کہ کیا پرویز مشرف کو کینسر کا عارضہ لاحق ہواہے جس پر وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کو کینسر کانہیں دل کا عارضہ ہے، سلمان صفدر نے پرویز مشرف کا میڈیکل سرٹفکیٹ عدالت کوپیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کہتے ہیں کہ وہ بزدل نہیں خود پیش ہو کر اپنے دفاع میں شواہد پیش کرنا چاہتے ہیں۔

جسٹس یاور علی خان نے کہا پرویز مشرف نے دبئی کے امریکن ہسپتال کا میڈیکل سرٹیفیکیٹ پیش کیا ہے جس پر اگست کی تاریخ درج ہے یہ پرانی رپورٹ ہے سابق صدر کی صحت کا دوبارہ معائنہ ہونا تھا کیا ڈاکٹرز نے دوبارہ جائزہ لیا ہے ،جس پر وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ ان کے موکل کی صحت بدستوراسی طرح ہے ان کے دل کے مختلف ٹیسٹ تاحال کیے جا رہے ہیں، عدالت ہمیں مہلت دے تو میں اپنے موکل سے مزید ہدایات لے کر عدالت کو آگاہ کردوں گا۔

جسٹس یاور علی خان نے فاضل وکیل سے کہا کہ قانون کے مطابق 342 کا بیان ریکارڈ ہونا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا 342 کا بیان ریکارڈ کئے بغیر کیس کو چلایا جا سکتا ہی ۔اس موقع پر استغاثہ کے وکیل نے اپنے دلائل میں موقف اپنایا کہ پرویز مشرف نے عدالت میں 342 کا بیان ریکارڈ کرانے کا موقع ضائع کردیاہے۔ عدالت نے مختصر وقفے کے بعد قراردیا کہ کمیشن کے ذریعے ملزم کا بیان ریکارڈ کرایا جائے گا کمیشن دبئی جاکر ملزم کا بیان ریکارڈ کرے گا۔ جس کے بعد کیس کی مزید سماعت 14نومبر تک ملتوی کردی گئی۔