صحافی کی گمشدگی پر ٹرمپ کا شاہ سلمان کو فون ،ْوزیر خارجہ کو ریاض بھیجنے کا عندیہ

پیر 15 اکتوبر 2018 23:49

واشنگٹن /ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ لاپتا صحافی جمال خشوگی کے معاملے پر سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کیلئے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو ریاض روانہ کر رہا ہوں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ سعودی عرب کے فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے، شاہ سلمان نے جمال خشوگی کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور وہ نہیں جانتے کہ لاپتا صحافی کے ساتھ کیا ہوا۔

(جاری ہے)

ٹرمپ کے مطابق سلمان کا موقف ہے کہ جمال خشوگی کی گمشدگی پر سعودی عرب ترکی کے ساتھ مل کر معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گمشدہ صحافی کے معاملے کی وضاحت کے لیے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو فوری طور پر ریاض روانہ کیا جا رہا ہے جہاں وہ شاہ سلمان سے ملاقات کریں گے۔قبل ازیں امریکی صدر نے استنبول کے سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خشوگی کے قتل کیے جانے کی اطلاعات پر سعودی عرب کے خلاف سخت اقدامات کا عندیہ دیا تھا۔ جواباً سعودی عرب نے بھی جوابی رد عمل کی دھمکی دی تھی۔