شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں2 افراد جاں بحق، 2 پولیس اہلکار سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے

پیر 15 اکتوبر 2018 23:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں2 افراد ہلاک اور 2 پولیس اہلکار سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی کے علاقے شاہ فیصل دو نمبر کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار دو افراد زخمی ہوگئے ، اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا جہاں دوران علاج ایک نوجوان نے دم توڑ دیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 30 سالہ شاہد علی کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی کی شناخت 29 سالہ حفیظ اللہ کے نام سے ہوئی ، متوفی شاہ فیصل کالونی کا رہائشی تھا ، ورثاء کارروائی کے بعد لاش اپنے ہمراہ لے گئے ، جبکہ زخمی کو نجی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے علاوہ ازیں کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے بلال چورنگی کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار پر دو افراد شدید زخمی ہوگئے ، جبکہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور ٹینکر چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا ، پولیس نے ٹینکر کو تحویل میں لے کر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک شخص نے دم توڑ دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی اور مضروب کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ، پولیس نے لاش کو کارروائی کے بعد شناخت کیلئے سرد خانے میں رکھوادی ہے ، جبکہ زخمی کو نجی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ،ادھرمنگھوپیر کے علاقے ہمدرد موڑ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے پولیس موبائل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں پولیس موبائل کا اگلہ حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ موبائل میں سوار اے ایس آئی سمیت دو اہلکار زخمی ہوگئے ، جبکہ حادثہ کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا جہاں ان کی شناخت اے ایس آئی عامر ملک اور پولیس اہلکار کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے جنہیں نجی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ پولیس نے ڈمپر نمبر TKL-293 اپنی تحویل میں لے کر حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔