جاپانی کمپنی اپنے ملازمین کو سونے پر انعام دے گی

Ameen Akbar امین اکبر پیر 15 اکتوبر 2018 23:52

جاپانی کمپنی اپنے ملازمین کو سونے پر انعام دے گی

جاپان میں کام کرنے کے اوقات بہت طویل ہوتے ہیں لیکن کچھ کمپنیوں کو احساس ہو گیا ہے کہ کام کرنے کے طویل اوقات کار کی وجہ سے ان کے ملازمین کے کام کرنے کی صلاحیت میں کمی ہو رہی ہے۔
ایسی ہی ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کو سونے پر آمادہ کرنے کےلیے ایک انعامی سلسلے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت نیند پوری کرنے والے ملازمین کو پوائنٹس دئیے جائیں گے۔

یہ پوائنٹس مختلف کیفوں اور کیفے ٹیریاز میں استعمال کیے جا سکیں گے۔
ٹوکیو کی ایک کمپنی ”کریزی“، جو شادی کی تقریبات کا انتظام کرتی ہے، نے اپنے ملازمین کو زیادہ دیر سونے پر آمادہ کرنے کے لیے ، نیند پر انعام کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے ایک دوسری کمپنی ائیر ویو(Airwave) کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ ائیر ویونیند کا تجزیہ کرنے کی ٹیکنالوجی میں مہارت رکھتی ہے اور یہ کریزی کے ملازمین کی نیند کا جائزہ لے گی۔

(جاری ہے)


انعامی سلسلے میں شامل ہونے کے لیے ملازمین کو اپنے موبائل میں نیند کے تجزیے کی ایک ایپلی کیشن انسٹال کر کےا س کا ڈیٹا کمپن کے ساتھ شیئر کرنا پڑےگا۔ اس ڈیٹا سے پتا چلے گا کہ ملازمین رات کو کتنی دیر تک سوئے ہیں۔ کریزی کو امید ہے کہ اس طرح اُن کے ملازمین کا طرز زندگی، عادات، صحت اور کام کرنے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔
نیند کےتجزیے کے لیے ملازمین کو اپنے سمارٹ فون میں ایپلی کیشن چلا کر سمارٹ فون کو بستر کے ساتھ رکھنا ہوگا۔

اس کے بعد یہ ایپل کیشن سوتے ہوئے آپ کے جسم کی حرکات، نیند کی گہرائی اور نیند کا دورانیہ ٹریک کر سکتی ہے۔ اگر ملازمین اپنا ڈیٹا کمپنی کے ساتھ شیئر کریں اور ہفتے میں کم از کم 5 راتوں کو 6 گھنٹے سوئیں تو انہیں کئی سو پوائنٹس ملیں گے۔ ان پوائنٹ کو جاپانی کرنسی ین میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔ ملازمین جتنے پوائنٹس حاصل کریں گے، انہیں کمپنی کے کیفے ٹیریا میں اتنے ہی ین خرچ کرنے کی اجازت ہوگی۔


کریزی نے پہلے پہل اس اس سسٹم کو آزمائشی بنیادوں پر چلایا تھا لیکن توقع سے بڑھ کر نتائج ملنے پر 10 اکتوبر کو اسے باقاعدہ طور پر رائج کر دیا۔ آزمائشی بنیادوں پر اس میں حصہ لینے والے ملازمین کی نیند پوری ہونے سے ان کی صحت بھی بہتر ہوئی اور ان کی کام کرنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا، ایسے ملازمین کی تخلیقی صلاحیتیں بھی زیادہ نکھر کر سامنے آئیں۔ ظاہر ہے شادی کی تقریبات کا انتظام کرنے والی کمپنی کو مزید کیا چاہے۔