اسلام آباد ،سستا بازار میں رات گئے آگ بھڑک اٹھی،30 سٹال جل کر خاکستر ،لاکھوں روپے کا نقصان

منگل 16 اکتوبر 2018 02:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) میٹرو پولیٹن کارپوریشن ( ایم سی آئی) کے زیر اہتمام لگنے والے سستا بازار میں رات گئے آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے سے 30 سٹال جل کر خاکستر ہونے سے لاکھوں روپے کا نقصان ہو گیا، آگ بجھانے کے عمل میں 11 فائر ٹینڈرز اور 120 فائر سٹاف نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

پیر کی رات ساڑھے دس بجے پشاور موڑ میں ایم سی آئی کے زیر اہتمام لگنے والے سستا بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی،لگنے والی آگ مرغیوں کے سٹالوں سے ہوتی ہوئی ہوزری اور دیگر اشیا کے سٹال تک پہنچ گئی جس سے تیس سٹال جل کر خاکستر ہو گئیے ایم سی آیی کے شعبہ فائر اینڈ ریسکیو کی بروقت کارروائی کے باعث دو گھنٹے میں آگ پر قابو پا لیا گیا تاہم لگنے والی آگ سے سٹال ہولڈرز کا لاکھوں روپے کا نقصان ہو گیا ہے۔

ڈائریکٹر فائر اینڈ ریسکیو ملک عطا کے مطابق بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا گیا تاہم آگ لگنے کی وجوہات ابھی نہیں بتائی جا سکتیں اور تحقیقات کے بعد وجوہات معلوم کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ 6 ماہ کے دوران مذکورہ بازار میں لگنے والی آگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے چند ماہ قبل بھی لگنے والی آگ سے دو سو سے زائد سٹال جل کر خاکستر ہو گئے تھے جس سے سٹال ہولڈرز کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔

متعلقہ عنوان :