ابوظہبی:غیر قانونی طور پر پوسٹرز اور اشتہاری بورڈز چسپاں کرنے والوں کی شامت آ گئی

اس نوعیت کی خلاف ورزی پر ایک ہزار سے 10 ہزار درہم تک کا جرمانہ ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 16 اکتوبر 2018 12:55

ابوظہبی:غیر قانونی طور پر پوسٹرز اور اشتہاری بورڈز چسپاں کرنے والوں ..
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اکتوبر2018ء) ابو ظہبی میونسپلٹی کی جانب سے عوام اور اداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ گلیوں، بازاروں، بجلی کے کھمبوں اور بس سٹاپوں میں پوسٹر اور اشتہارات لگانا غیر قانونی حرکت ہے، جس پر دس ہزار اماراتی درہم تک جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔ میونسپلٹی کے مطابق اس وقت شہر میں مختلف مقامات پر پوسٹرز اور ایڈورٹائزنگ بورڈز ہٹانے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔

اس مہم کے دوران ابو ظہبی شہر کے علاوہ مضافاتی علاقوں کو بھی ہدف بنایا گیا ہے۔ صرف وہی اشتہارات اور سائن بورڈز نہیں ہٹائیں جائیں گے جو متعلقہ اداروں کی منظوری سے نصب یا چسپاں کیے گئے ہیں۔ لوگوں کی جانب سے بے تحاشا اشتہارات کے باعث شہر کا حُسن ماند پڑ گیا ہے، حالانکہ اس شہر کی دُنیا بھر میں ایک بہترین تفریحی اور تجارتی پہچان ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ اس خوبصورت شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔

اس وقت افراد کے علاوہ کمپنیاں اور ادارے بھی بے جا تشہیری مہم کے ذریعے شہر کا جمالیاتی حُسن برباد کرنے پر تُلے ہوئے ہیں، جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اس حوالے سے میونسپلٹی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹ کے علاوہ سڑکوں پر آگاہی مہم کے تحت اشاعت شُدہ مواد بھی عوام میں تقسیم کیا جا رہا ہے ۔ آئندہ سے ان اشتہارات اور پوسٹرز کے پبلشرز کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا، جس کے تحت ایک ہزار درہم سے لے کر دس ہزار درہم تک کا جرمانہ بھی عائد ہو گا۔

میونسپلٹی کی جانب سے مختلف مقامات پر 717 وارننگ جاری کی گئی ہیں جبکہ 33 افراد اور اداروں کو غیر لائسنس شُدہ پوسٹرز اور اشتہارات پر جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔ میونسپلٹی کی جانب سے عوام کے نام پیغام میں کہا گیا ہے کہ وہ شہروں کا حُسن برقرار رکھنے اپنا بھرپور تعاون دیں، کیونکہ یہ اُن کی سماجی ذمہ داری ہے۔ اگر کسی مقام پر کاغذی اشتہار یا دیگر پوسٹرز وغیرہ چسپاں دیکھیں تو اس کی اطلاع میونسپلٹی کی ہیلپ لائن پر دیں۔

متعلقہ عنوان :