نیب کی جانب سے شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کرنے کیلئے حکمت عملی تبدیل کی گئی

احتساب عدالت کو آنیوالے تمام راستوں کو بند رکھا گیا،شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی کی بجائے پراڈو گاڑی میں عدالت لایا گیا

منگل 16 اکتوبر 2018 13:33

نیب کی جانب سے شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کرنے کیلئے حکمت عملی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) نیب کی جانب سے 6اکتوبر کو پیشی کے موقع پر رونما ہونے والے واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کرنے کیلئے حکمت عملی تبدیل کی گئی ۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے احتساب عدالت کوآنے والے تمام راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند رکھا گیا جبکہ شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی کی بجائے سفید رنگ کی پراڈو گاڑی میں احتساب عدالت لایا گیا ۔

گزشتہ پیشی پر کارکنوں کی بڑی تعداد احتساب عدالت کے مرکزی دروازے پر پہنچ گئی تھی اور جب شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں پیشی کیلئے لایا گیا تو کارکنوں نے نہ صرف گاڑی کو روک لیا تھابلکہ اس کے اوپر بھی چڑھ گئے تھے جس کی وجہ سے پولیس اہلکاروں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا تھا۔پیشی سے واپسی پر بھی شہباز شریف کارکنوں کی دھکم پیل کی زد میں آگئے تھے ۔