Live Updates

ضمنی انتخاب میں آئی ووٹنگ کے ثمرات ملنے لگے

این اے 60 سے جیتنے والے تحریک انصاف کے اُمیدوار شیخ راشد کو آئی ووٹنگ کے ذریعے چار سو ووٹ ملے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 16 اکتوبر 2018 13:10

ضمنی انتخاب میں آئی ووٹنگ کے ثمرات ملنے لگے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر 2018ء) : ملک بھر میں دو روز قبل ہونے والے ضمنی انتخاب میں اوورسیز پاکستانیوں کو بھی ووٹ کاسٹ کرنے کا حق دیا گیا ۔ اوورسیز پاکستانیوں نے آئی ووٹنگ کے ذریعے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ تاہم اب آئی ووٹنگ کے ثمرات بھی ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ این اے 60 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ضمنی انتخاب جیتنے والے اُمیدوار اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد کو آئی ووٹنگ کے ذریعے 400 ووٹ ڈالے گئے۔

جس کے بعد راشد شفیق کی مخالف اُمیدوار سے برتری بڑھ کر 9 سو ہو گئی۔ شیخ راشد شفیق کے مخالف مسلم لیگ ن کے اُمیدوار کو آئی ووٹنگ کے ذریعے صرف 54 ووٹ ڈالے گئے۔ آئی ووٹنگ میں زیادہ ووٹ شیخ راشد کو ملے جس سے این اے 60 میں ان کی جیت برقرار رہی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ضمنی انتخابات میں پہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ آئی ووٹنگ کے ذریعے سب سے زیادہ این اے 243 میں آئی ووٹ ڈالے گئے جہاں اوورسیز پاکستانیوں نے 1 ہزار 1 سو 12 ووٹ کاسٹ کیے۔

گذشتہ روز الیکشن کمیشن نے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ضمنی انتخاب میں آئی۔ووٹنگ کے ذریعے ڈالے گئے ووٹوں کو نتائج کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا۔اس ضمن میں تمام تفصیلات متعلقہ ریٹرننگ افسروں کو بھجوا دی گئیں۔ ریٹرننگ آفیسرز انٹرنیٹ کے ذریعے کاسٹ ہونے والے ووٹوں کو حتمی نتائج میں شامل کریں گے ۔ اوورسیز پاکستانیوں کو پہلی مرتبہ پاکستان کے انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کا موقع ملا جسے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ واضح رہے کہ ملکی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کا حق دلوانے میں پاکستان تحریک انصاف اور سپریم کورٹ نے اہم کردار ادا کیا تھا جس کے تحت اس معاملے کو ضمنی انتخاب میں عملی جامہ پہنایا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات