بچوں سے زیادتی کے زیادہ واقعات پنجاب میں رپورٹ ہوئے ،ْ وزارت انسانی حقوق

، رپورٹ ہونے والے واقعات میں سندھ کا تناسب 27، بلوچستان کا 4 ،ْ خیبر پختونخوا کا 2 فیصد ہے ،ْحکام کمیٹی ارکان کی وزیر برائے انسانی حقوق کی کمیٹی میں عدم شرکت پر برہمی ،ْکم سن بچوں کیساتھ بڑھتی ہوئی زیادتیوں پر تشویش کا اظہار

منگل 16 اکتوبر 2018 14:31

بچوں سے زیادتی کے زیادہ واقعات پنجاب میں رپورٹ ہوئے ،ْ وزارت انسانی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) وزارت انسانی حقوق نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا ہے کہ 2017 کے دوران ملک بھر سے بچوں سے زیادتی کے 3ہزار 445 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 63 فیصد پنجاب میں ہوئے۔پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں کنونیئر نزہت صادق کی صدارت میں سینیٹ کی خصوصی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، کمیٹی ارکان نے وزیر برائے انسانی حقوق کی کمیٹی میں عدم شرکت پر برہمی اور ملک بھر میں کم سن بچوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی زیادتیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزارت انسانی حقوق نے کمیٹی کے ارکان کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ 2017 میں ملک بھر سے بچوں کیساتھ زیادتی کے 3ہزار 445 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 2 ہزار 77 بچیاں جب کہ ایک ہزار 368 کم سن بچے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

زیادتی کا شکار بچوں میں بچیوں کا تناسب 60 فیصد ہے۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایک برس کے دوران کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی کے سب سے زیادہ واقعات پنجاب میں رونما ہوئے جو ملک بھر سے رپورٹ ہونے والے واقعات کا 63 فیصد ہے، رپورٹ ہونے والے واقعات میں سندھ کا تناسب 27، بلوچستان کا 4 جبکہ خیبر پختونخوا کا 2 فیصد ہے۔

آزاد کشمیر میں کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی کے 12 جب کہ اسلام آباد میں 3 کیسز رپورٹ ہوئے۔وزارت انسانی حقوق نے کمیٹی کو بتایا کہ قصور میں بچوں سے زیادتی کے واقعات زیادہ پیش آتے ہیں، قصور میں بڑھتے واقعات کو روکنے کے لئے کام کر رہے ہیں اور ان واقعات کی اصل وجوہات جاننے کے لئے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔