Live Updates

وزیراعظم عمران خان کے دورہ بیجنگ سے سی پیک میں تیزی کا امکان

وزیراعظم آئندہ ماہ دورہ بیجنگ کے دوران متوقع طور پر صنعتی زون ،ْذراعتی تعاون اور مشترکہ معاشی گروپ سے متعلق فریم ورک کے حوالے معاہدے کرینگے

منگل 16 اکتوبر 2018 14:31

وزیراعظم عمران خان کے دورہ بیجنگ سے سی پیک میں تیزی کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) پاکستانی حکام کی جانب سے توقع کا اظہار کیا جارہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے کاموں میں رفتار دوبارہ بحال ہوجائیگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آئندہ ماہ دورہ بیجنگ کے دوران متوقع طور پر صنعتی زون، ذراعتی تعاون اور مشترکہ معاشی گروپ سے متعلق فریم ورک کے حوالے معاہدے کریں گے۔

ایک سینئر سرکاری حکام نے بتایا کہ امریکا اور مغربی میڈیا میں منفی تشریح کے باوجود عمران خان کا دورہ بیجنگ پاکستان میں سیاسی مسائل کی وجہ سے سست روی کے شکار ہونے والے سی پیک منصوبے کو دوبارہ تیز کرنے میں مدد دیگا۔انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک معاہدوں کو عملی جامہ پہنائیں گے جس کا آغاز خیبرپختونخوا میں پشاور کے نزدیک رکشئی کے مقام پر اسپیشل اکنامک زون کی تعمیر سے ہوگا اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ طور پر مشترکہ رابطہ کونسل (جے سی سی) کے سوشل سیکٹر مشترکہ ورکنگ گروپ کے دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے جبکہ دونوں ممالک کے حکام ان دستاویزات کو حتمی شکل دینے پر کام کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چین کے وزیرِزراعت نے حال ہی میں دونوں ممالک کے درمیان ذراعت کے شعبے میں باہمی مفادات کو بڑھانے کیلئے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔دونوں حکومتوں کی جانب سے اس شعبے میں تعاون کو ملازمت کے مواقع پیدا کرنے اور فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے مترادف سمجھا جارہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات