سپریم کورٹ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کے سامنے رکاوٹیں ختم کرنے کیلئے مزید 6 ہفتے کا وقت دے دیا

وزارت دفاع کے نمائندے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نایاب گردیزی اور دیگر حکام پیش ہوئے‘حساس ادارے کے نمائندے کی جانب سے بند لفافے میں رپورٹ پیش کی گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 اکتوبر 2018 14:11

سپریم کورٹ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کے سامنے رکاوٹیں ختم کرنے کیلئے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 16 اکتوبر۔2018ء) سپریم کورٹ نے ملک کی اہم ترین خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم اپنے ہیڈ کوارٹرز کے سامنے سڑک سے رکاوٹیں ختم کرنے کیلئے مزید 6 ہفتے کا وقت دے دیا ہے. چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مرکزی شاہراہ خیابان سہروردی پر رکاٹیں رکھنے سے سے متعلق کیس کی سماعت کی.

اس دوران وزارت دفاع کے نمائندے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نایاب گردیزی اور دیگر حکام پیش ہوئے. سماعت کے دوران حساس ادارے کے نمائندے کی جانب سے بند لفافے میں رپورٹ پیش کی گئی، جسے عدالت عظمیٰ کے معزز ججز نے پڑھ کر وزارت دفاع کے نمائندے کو واپس کردیا.

(جاری ہے)

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نایاب گردیزی نے عدالت کو بتایا کہ عمارت میں اہم اور حساس آلات ہیں، جنہیں منتقل کرنے میں وقت لگے گا، اس پر عدالت عظمیٰ نے رکاوٹیں ہٹا کر سڑک کھولنے کے لیے مزید 6 ہفتوں کی مہلت دے دی.

واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ کی جانب سے آئی ایس آئی کو اسلام آباد میں قائم ہیڈ کوارٹرز کے سامنے سے سڑک سے رکاوٹیں ختم کرنے کے لیے 8 ہفتے کی مہلت دی گئی تھی. خیال رہے کہ 4 جولائی 2018 کو سپریم کورٹ نے خیابان سہروردی میں قائم آئی ایس آئی کی جانب سے سڑک پر لگائی گئیں رکاوٹیں ہٹانے سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا تھا.

سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا آئی ایس آئی کو 4 ہفتوں میں سڑک کھولنے سے متعلق دیا گیا فیصلہ معطل کرتے ہوئے آئی ایس آئی سے سڑک کھولنے کی تاریخ طلب کی تھی. چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ پورے ملک میں تجاوزات ہٹانے کا حکم دے رکھا ہے آئی ایس آئی، اس سے مبرا نہیں، بلائیں آئی ایس آئی کے سربراہ کو کہ عدالتی حکم کے باوجود سڑک کیوں نہیں کھولی گئی. یاد رہے کہ 23 جون 2018 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی ایس آئی کو خیابان سہروردی میں لگائی گئی رکاوٹوں کو 44 ہفتوں میں ہٹانے کا حکم دیا تھا.