کشمیری عوام کی جدوجہد تکمیل پاکستان تک جاری رہے گی ۔سردار عتیق احمد خا ن

منگل 16 اکتوبر 2018 15:45

مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) کشمیری عوام کی جدوجہد تکمیل پاکستان تک جاری رہے گی ۔ بھارت اس عظیم تحریک کو طاقت کے ذریعے کچلنے میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ بیرونی دنیا میں بسنے والے کشمیری ہر محاذپر کشمیر کا مقدمہ لڑیں ۔ دورہ سعودی عرب کے دوران چوہدری محمد محبوب اور چوہدری ساجد کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اس وقت ایک قید خانہ ہے جہاں بھارت کی فوج چن چن کر انسانوں کا قتل عام کررہی ہے ۔

بھارت کے رویئے سے جنوبی ایشیاء میں امن کی منزل دور ہوتی جارہی ہے ۔ دوایٹمی طاقتوں کے درمیان مسئلہ کشمیر کا حل طلب رہنا خطے کی پسماندگی کیوجہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کی قیادت میںتحریک آزادی کا آغاز ہوا ہے اور کوئی سازش اس اس جماعت کو کشمیر کی سیاست سے مائنس نہیں کرسکتی ۔ تاریخ کے ہر دور میں مسلم کانفرنس کے خلاف سازشیں ہوتی رہی ہیں اور ہر بار سازشیں ناکام ہوتی رہی ہیں ۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں میرٹ اور گڈ گورننس کے نعرے ہوا میں تحلیل ہوگئے ہیں ۔ موجودہ حکومت نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ عشائیے میں مسلم کانفرنس مدینہ منورہ کے صدر خواجہ خالد ، الطاف حسین ، سردار ساجد ، سید خالد گیلانی ، ساحر الطاف سمیت دیگر مسلم کانفرنسی رہنمائوں نے شرکت کی ۔ صدر مسلم کانفرنس کا عشائیے میں پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا ۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ ۔۔راٹھور