ابوظہبی ٹیسٹ، فخر زمان ان چاہے بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے

قومی ٹیم میں فخر زمان اور میر حمزہ کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 اکتوبر 2018 16:10

ابوظہبی ٹیسٹ، فخر زمان ان چاہے بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر2018ء) قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نروس نائننٹیز کا شکار ہوکر ان چاہے بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں ۔شیخ زید سٹیڈیم،ابوظہبی میں کھیلے جانےوالے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹیسٹ ڈیبیو کرنےوالے فخر زمان اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا۔

محمد حفیظ4رنز بنا کر مچل سٹارک کا نشانہ بن گئے ،اظہر علی اور فخر زمان نے دوسری وکٹ کے لیے52رنز کا اضافہ کیا جسکے بعد اظہر علی 15رنز بنا کر نیتھن لیون کی گیند پر انہی کو کیچ تھما بیٹھے، اگلی گیند پر لیون نے حارث سہیل کو چلتا کیا جبکہ اپنے اگلے اوور میں اسد شفیق اور بابر اعظم کو بھی کوئی رن بنانے کا موقع دیئے بغیر پوویلین بھیجا۔

(جاری ہے)

تجربہ کار کھلاڑیوں کے آﺅٹ ہونے کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو سہارا دیا اور147 رنز کی شراکت قائم کی۔

فخر زمان نروس نا ئننٹیز کا شکا ر ہوتے ہوئے94رنز پر پوویلین لوٹے ،وہ چوتھے پاکستان بلے باز ہیں جو اپنی ڈیبیو ٹیسٹ اننگز میںنروس نائننٹیز کا شکار ہوئے،ان سے قبل آخری مرتبہ عاصم کمال2003ءمیں جنوبی افریقہ کیخلاف لاہور ٹیسٹ میں99رنز پر آﺅٹ ہوئے تھے ۔ قومی سکواڈ سرفراز احمد( کپتان اور وکٹ کیپر)، اسد شفیق، محمد حفیظ، اظہر علی، حارث سہیل، بابراعظم، فہیم اشرف، بلال آصف، محمد عباس، محمد رضوان، عثمان صلاح الدین، وہاب ریاض، یاسر شاہ، میر حمزہ اور شاداب خان شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم کو اوپننگ بیٹسمین امام الحق کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، وہ انگلی کی سرجری کے باعث آخری ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں ،جس کے بعد فخر زمان کو آسٹریلیا کےخلاف ڈیبیو کرایا گیا ہے جب کہ وہاب ریاض کی جگہ میر حمزہ کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے ، شاداب خان کو 12ویں کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 1956ءسے اب تک مجموعی طور پر 63 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے آسٹریلیا نے 31 جیتے جبکہ پاکستانی ٹیم 14 میں کامیاب رہی، 18 میچز ڈرا ہوئے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائےگی۔