لاپتہ افراد کی ماہانہ رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع ،ْ

ستمبر میں 74 کیسز درج ہوئے 1 کے بعد سے لاپتہ ہونے والے افراد کی تفصیلات حاصل کرکے ماہانہ بنیاد پر خصوصی بنچ کو آگاہ کریں ،ْ کمیشن کی ہدایت

منگل 16 اکتوبر 2018 16:42

لاپتہ افراد کی ماہانہ رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع ،ْ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کمیشن نے خصوصی بنچ کو ماہانہ رپورٹ جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ ستمبر 2018 میں 36 لاپتہ افراد کا سراغ لگایا گیا جن میں سے 13 افراد اب بھی حراستی مراکز میں موجود ہیں ،ْ 74 کیسز رجسڑد ہوئے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی جانب سے تشکیل دیے گئے سپریم کورٹ کے خصوصی بنچ میں جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس سردار طارق مسعود شامل ہیں جو لاپتہ افراد کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر مبنی رپورٹ اور کمیشن کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 2011 کے بعد سے لاپتہ ہونے والے افراد کی تفصیلات حاصل کرکے ماہانہ بنیاد پر خصوصی بنچ کو آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

خصوصی بنچ کو جمع کرائی گئی تازہ رپورٹ کے مطابق 5 ہزار 430 لاپتہ افراد کے کیسز رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے 3 ہزار 556 کو نمٹا دیا گیا اور ایک ہزار 868 کیسز تاحال زیرالتوا ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ستمبر میں 74 کیسز درج ہوئے۔سپریم کورٹ کے خصوصی بنچ نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ 24 جون 2018 کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے لاپتہ افراد کیس کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں لاپتہ افراد کے اہل خانہ کی چیخ و پکار کے بعد اس حوالے سے خصوصی سیل قائم کرنے کا حکم دے دیا تھا۔