پاکستان کی ترقی کا دارومدار حصولِ علم میں مضمر ہے، سی ای او ایجوکیشن

منگل 16 اکتوبر 2018 17:12

سرگودھا۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر طارق محمود قاضی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا دارومدار حصولِ علم میں مضمر ہے، پاکستان سے جہالت کا خاتمہ کرنے کے لیے قوم میں شعور پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، نسلِ نو کو محب وطن بنانے کے لیے اساتذہٴ کرام کو اپناکلیدی کردار ادا کرنا چاہیے، ہمارا حقیقی زیور تعلیم ہے، اُنھوںنے ان خیالا ت کا اظہار ریڈیوپاکستان کے پروگرام دانش کدہ سے گفتگوکرتے ہوئے کیا، قبل ازیں ثمینہ یاسمین ، جاوید آفتاب احمد،پروفیسر(ر) میجر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم اور عدنان ارشد نے بھی اپنے اپنے زاویہٴ نظر سے گفتگو کی۔

ڈاکٹر طارق محمود قاضی نے کہا کہ حکومتِ پنجاب تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، اساتذہ اور طالب علموں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں، سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بلند ہوچکا ہے ، پرائیویٹ سیکٹر کی تعلیمی خدمات قابلِ ذکر ہیں، ثمینہ یاسمین نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت کا ہونا بہت ضروری ہے، تربیت کے بل بوتے پر ہی ہم ایک اچھی قوم کی تشکیل کر سکتے ہیں، کمرہٴ جماعت کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ایک تربیت گاہ بھی ہونا چاہیے، والدین اور اساتذہ کو بچوں کی کردار سازی کی طرف خاص توجہ دینی چاہیے،جاوید آفتاب احمد ایڈووکیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ مشاہیرِ پاکستان کے کارنامے ہمارے لیے نشانِ منزل ہیں، جن لوگوں نے تعمیر وطن میں اہم کردار ادا کیا، اُن میں لیاقت علی خان سرِ فہرست ہیں۔

(جاری ہے)

اُن کی لازوال خدمات ہمیشہ اہلِ وطن کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گی، ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ پانی اور ہوا کی طرح تعلیم ہمارے لیے سانس کی طرح ضروری ہے۔