مشنری کمیونٹی کی ھائوسنگ سوسائٹی کی بیوہ الاٹیز کی اپیل

منگل 16 اکتوبر 2018 17:12

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) کرسچئن کواپریٹو ھائوسنگ سوسائٹی کی الاٹیز غریب و بیوہ خواتین کے پلاٹوں پر مقامی افراد قابض ہو گئے ،سوسائٹی کی جانب سے قبضہ دلانے کی کوششیں بھی بے سود ہو گئیں ،مسیحی بیوہ خواتین نے چیف جسٹس ، وزیر ھائوسنگ پنجاب ،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور سی پی او سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ۔

مسیحی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ڈھوک اعوان راولپنڈی میں قائم رومن کیتھولک کرسچئن کواپریٹو ھائوسنگ سوسائٹی کی الاٹیز خواتین روبینہ بی بی زوجہ بنیا مین ، ساجدہ زوجہ ولسن مسیح اور ایوینہ زوجہ پرویز مسیح نے میڈیا کے توسط سے اپنی اپیل میں کہاکہ کواپریٹو ھائوسنگ سوسائٹی کی جانب سے انہیں قبضہ لیٹر اور تعمیرات کے لیے این او سی بھی مل چکا ہے جبکہ انہوں نے چند برس قبل پلاٹ کی چار دیواری کی تعمیر بھی کی تاھم رواں برس مکان کی تعمیر کی غرض سے بنیادوں کی کھدائی شروع کی تو ڈھوک راجوال کی مقامی آبادی کے چند افراد لیاقت علی اور شوکت حسین وغیرہ نے کام بند کروا دیا اور دھمکیاں دیں ۔

(جاری ہے)

متاثرہ خواتین نے بتایاکہ اس بابت سوسائٹی نے کسی قسم کا سقم نہ ہونے کی یقین دھانی کرائی تاھم اس کے باوجود جب بھی کام شروع کیاجائے تو مذکورہ افراد آ کر ڈراتے دھمکاتے ہیں اور کام بند کروا دیتے ہیں ۔متاثرہ خواتین نے کہاکہ انہوںنے اپنی عمر بھر کی جمع پونجی سے یہ پلاٹ خریدے تھے تاھم شر پسند عناصر انہیں یہاں مکان کی تعمیر نہیں کرنے دے رہے جبکہ تھانے کچہری کے چکر لگانے کی ہماری استطاعت نہیں ہے ۔ ھماری اپیل ہے کہ ھمیں لینڈ مافیا کی کارستانیوں سے بچایا جائے اور رومن کیتھولک کرسچئن کواپریٹو ھائوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کو پلاٹوں پر تعمیرات یقینی بنانے کے احکامات صادر کیے جائیں۔