افغان مشرقی صوبہ ننگرہارمیں امریکی ڈرون حملہ ، داعش کے 9جنگجوہلاک

منگل 16 اکتوبر 2018 17:36

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) پاک افغان سرحد پر واقع افغان مشرقی صوبہ ننگرہارمیں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے نو(9) جنگجوہلاک ہوگئے۔ سرحدپار سے افغان پولیس حکام کے حوالے سے موصولہ اطلاعات کے منگل کے روز صوبہ ننگرہار کے ضلع اچی کے علاقے باغ درہ میں امریکی ڈرون نے داعش کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بناکر حملہ کیا جس کی زدمیں آکر داعش سے تعلق رکھنے والے نو(9) جنگجو ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

افغان حکام کے مطابق امریکی ڈرون حملہ میں داعش کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔امریکی ڈرون حملے پرفوری طورپر داعش کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔دریں اثنا منگل کے روز جنوبی صوبہ ہلمند کے ضلع ناوا کے علاقے خواجہ بابا کے مقام فضل الدین چوک میں روڈ سائیڈ پر نصب بم پھٹنے کے نتیجے میں کم از کم چار افغان شہری جاں بحق اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔حکام نے الزام لگایا ہے کہ یہ بم طالبان نے نصب کررکھا تھا۔