کاشتکار اچھی روئیدگی کیلئے بذریعہ ڈرل و پور چنے کی کاشت مکمل کریں، ماہرین زراعت

منگل 16 اکتوبر 2018 18:20

فیصل آباد۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء)ماہرین زراعت نے کہا کہ کاشتکار اچھی روئیدگی کیلئے بذریعہ ڈرل و پور چنے کی کاشت مکمل کریں اور فاسفورسی کھادوں کا بھی خاص خیال رکھاجائے تاکہ بہتر سے بہتر پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ چنے کی فصل کو دوسری فصلوں کی طرح نائٹروجن کی زیادہ ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ پودے اپنی ضرورت کے مطابق نائٹروجن ہواسے حاصل کرلیتے ہیں تاہم چنے کی بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے اس فصل کو فاسفورس کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے جس کے باعث پیداوار میں اضافہ کے علاوہ فصل کے جلد پکنے میں بھی معاونت حاصل ہو سکتی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ کاشتکار چنے کے کھیت میں فی ایکڑ رقبہ پر 34کلوگرام فاسفورس ڈالیں اور نائٹروجن و فاسفورس کی مطلوبہ مقدار سمیت کھادوں کا متناسب استعمال یقینی بنانے کیلئے ڈیڑھ بوری ڈی اے پی یا آدھی بوری یوریابمعہ ڈیڑھ بوری ٹرپل سپر فاسفیٹ یا ایک بوری نائٹروفاس اور ایک بوری ٹرپل سپرفاسفیٹ وآدھی بوری یوریا کااستعمال بھی کیاجاسکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار مزید معلومات ورہنمائی کیلئے زرعی تحقیقی اداروں کے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔