Live Updates

پی ٹی آئی کے ایم این اے آٖفتاب جہانگیر اور ایم پی اے رابستان خان میں تلخ کلامی

تلخ کلامی کے دوران رابستان خان کے حامیوں نے مبینہ طور پر آفتاب جہانگیر کے ساتھی پر حملہ کیا اور انہیں مارنے کی کوشش کی

منگل 16 اکتوبر 2018 19:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر اور رکن سندھ اسمبلی رابستان خان کے درمیان تلخ کلامی تصاد م میں تبدیل ہوگئی جس کے بعد ایم این اے اپنے کوآرڈی نیٹر کے کے ساتھ سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں جاری احتجاج چھوڑ کر واپس چلے گئے ۔پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ واقعہ کے حقائق جان کر پارٹی کی جانب سے باقاعدہ موقف دیا جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 252 سے منتخب آفتاب جہانگیر اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ 122 سے منتخب رکن سندھ اسمبلی رابستان خان کراچی کے علاقے سرجانی، تیسر ٹاون پہنچے جہاں قبضہ مافیا کے کارندے کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

(جاری ہے)

کے ڈی اے کا عملہ سیکٹر 6 سی میں زمین کی پیمائش کرنے پہنچا تھا۔احتجاج کرنے والے افراد سے پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں نے خطاب کیا اور معاملہ سلجھانے کی یقین دہانی کرائی ۔

احتجاج سے واپسی پر ایم پی اے رابستان خان کے ساتھیوں کی آفتاب جہانگیر سے تلخ کلامی ہوئی،تلخ کلامی کے دوران رابستان خان کے حامیوں نے مبینہ طور پر آفتاب جہانگیر کے ساتھی پر حملہ کیا اور انہیں مارنے کی کوشش کی اور آفتاب جہانگیر کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے ۔صورت حال کو دیکھ کر آفتاب جہانگیر اپنے کوآرڈی نیٹر کے ہمراہ علاقے سے چلے گئے ۔اس ضمن میں ایم پی اے رابستان کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا ہے ۔مجھے کسی چیز کا علم نہیں ہے ۔دوسری جانب ایم این اے آفتاب جہانگیر کا کہنا ہے کہرابستان خان کے لوگوں نے میرے پی اے کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے اس ضمن میں کراچی ڈیویژن کے صدر خرم شیرزمان نے کہا کہ اصل حقائق جاننے کے بعد ہی کوئی موقف دے سکیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات