ْآل کراچی عبدالوحید میموریل 5اسٹار فٹ بال، اصلاح بلوچ نے غوثیہ اسپورٹس کو ایونٹ سے آئوٹ کر دیا

میچ مقررہ وقت پر 1-1 گول سے برابر رہنے کے بعد ٹائی بریکر پر اصلاح بلو چ کی 3-2 کی اسکور لائن سے کامیابی

منگل 16 اکتوبر 2018 19:37

ْآل کراچی عبدالوحید میموریل 5اسٹار فٹ بال، اصلاح بلوچ نے غوثیہ اسپورٹس ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) حسینی فٹ بال کلب ڈسٹرکٹ سینٹرل کے زیر اہتمام اور سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے تعاون سے نورانی عیدگاہ گرائونڈ نیو کراچی پر جاری آل کراچی عبدالوحید میموریل 5 اسٹار فٹ بال ٹورنامٹ میں ڈسٹرکٹ ویسٹ کی مضبوط اصلاح بلوچ نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کی معروف غوثیہ اسپورٹس کو دلچسپ مقابلے میں مقررہ وقت میں 1-1 گول سے برابری کے بعد ٹائی بریکر پر 3-2 گول سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کر لی۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جس پر گرائونڈ پر موجود شائقین فٹ بال کی بڑی تعداد نے داد و تحسین پیش کی۔ کھیل کے پہلے دورانیہ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے پر گول کرنے اور سبقت حاصل کرنے کے لیے بھرپور حملے کئے۔

(جاری ہے)

کھیل کے 12 ویں منٹ میں اصلاح بلوچ کے اسٹرائیکر صغیر لالا نے ساتھی کھلاڑی غلام محمد کے عمدہ پاس پر خوبصورت گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔

کھیل کے 24 ویں منٹ میں غوثیہ کے محمد ریحان نے حریف ٹیم کے دو دفاعی کھلاڑیوں کو ڈاج دے کر قیمتی گول اسکور کیا اور اپنی ٹیم کو خسارے سے نکالنے میں کامیاب رہے۔ وقفہ پر مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔ وقفہ کے دوران مہمان خصوصی سابق سیکریٹری مسلم کھتری ہسپتال محمد اسماعیل کا تعارف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے کرایا گیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق صدر مسلم کھتری ہسپتال لیاقت علی کھیڑی ،محمد حنیف کھتری زیر والے ، محمو د واڈا ، صدر میزبان حسینی کلب محمد صابر کھتری ارشادی، سیکریٹری محمد حسن گھانچی، سیکریٹری ڈی ایف اے سینٹرل و انٹر نیشنل فٹبالر محمد سلیم پٹنی، ٹورنامنٹ سیکریٹری محمد صا دق کھتری، ممبران آرگنائزنگ کمیٹی محمد شکیل، محمد طاہر، عبدالکریم جو جی،ذاکر با بو کھتری، عمر فاروق، ارسلان حمزہ، کاشف کاشان، کاشف ، شاہد تائو، فقیر محمد، غنی ہانڈہ ، سہیل پٹنی اور عمران مامابھی موجو د تھے۔

کھیل کے دوسرے ہاف کا آغا ز جارحانہ انداز سے ہوا اور دونوں ٹیموں نے گول کرنے اور برتری حاصل کر نے کیلئے ایک دوسرے پر جوابی حملے کیے مگر فینشنگ کے فقدان کے باعث دونوں ٹیمیں گیند کو جال تک نہ پہنچا سکیں۔ نیشنل ریفری عبدالرئوف بلو چ کی فائنل وسل پر دونوں ٹیموں کو 1-1 گول سے برابری پر گرائونڈ سے باہر آنا پڑا ۔ لہذا میچ کو فیصلہ کن بنا نے کے لیے پنالٹی ککس کا سہارا لیا گیا اور پنالٹی ککس پر اصلاح بلوچ نے 3-2 سے کامیابی سمیٹی۔

پنالٹی ککس پر فاتح ٹیم کی جانب سے شہزاد مراد، عاصم حسین اور عبدالوحید نے نشا نے درست سمت میں لگائے جبکہ محمد جان کی لگائی گئی پنالٹی ککس سائٹ بار سے ٹکرا کر واپس آگئی۔ جبکہ غوثیہ اسپورٹس کے شاہ خالد اور ذیشان ہی گیند کو جال میں ڈالنے میں کامیا ب رہے جبکہ محمد ریحان ، محمد امین اور محمد آصف کا نشانہ خطا گیا۔