ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک اننگز میں دو کھلاڑیوں کا ایک ہی سکور پر نروس نائنٹیز کا چوتھا موقع

فخر زمان اور سرفراز احمد کینگروز کے خلاف پہلی اننگز میں 94، 94 رنز بنا کر آئوٹ

منگل 16 اکتوبر 2018 19:37

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک اننگز میں دو کھلاڑیوں کا ایک ہی سکور پر نروس ..
ابوظہبی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) پاکستانی کرکٹرز فخر زمان اور سرفراز احمد آسٹریلیا کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، اتفاق کی بات یہ ہے کہ دونوں کھلاڑی ایک ہی سکور پر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، دونوں کھلاڑی 94، 94 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، فخر زمان محض 6 رنز کے فرق سے ڈیبیو سنچری مکمل نہ کر سکے جبکہ سرفراز کیریئر کی چوتھی سنچری سے محروم رہے، یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا چوتھا موقع ہے کہ ایک اننگز میں دو کھلاڑی ایک ہی سکور پر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے ہوں، پہلی مرتبہ یہ واقع 1973ء میں رونما ہوا تھا جب پاکستانی کرکٹرز ماجد خان اور مشتاق محمد کراچی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اننگز میں 99، 99 رنز پر آئوٹ ہوئے تھے، 1995ء میں آسٹریلوی کرکٹرز مارک ٹیلر اور رکی پونٹنگ سری لنکا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کی ایک اننگز میں 96، 96 سکور پر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، 2006ء میں بھارتی کرکٹرز وی وی ایس لکشمن اور عرفان پٹھان پاکستان کے خلاف فیصل آباد ٹیسٹ کی ایک اننگز میں 90 کے سکور پر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے تھے۔