احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کیخلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت (کل ) تک ملتوی کر دی

منگل 16 اکتوبر 2018 20:06

احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کیخلاف فلیگ شپ ریفرنس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کیخلاف دائر فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت (کل )بدھ تک ملتوی کر دی ہے ۔سماعت کے دوران قطری شہزادے حمد بن جاسم کا جے آئی ٹی کو لکھا گیا خط پیش کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے آفیشل ای میل اکاؤنٹ پر موصول ہونے والی ای میل بھی عدالت میں پیش کر دی گئیں۔

منگل کو احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے ریفرنس کی سماعت کی۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران پانامہ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا ۔ سماعت کے دوران واجد ضیاء کی جانب سے حمد بن جاسم کو لکھا گیا خط اور دوحہ میں پاکستانی سفارتخانے سے سعدیہ گوہر کا دفتر خارجہ کا خط بھی عدالت میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

واجد ضیاء نے بیان قلمبند کرانے کے دوران ہر سال کی فناشل اسٹیٹمنٹ بھی پیش کر دیں۔ واجد ضیاء نے محمد نواز شریف کی کیپیٹل ایف زیڈ ای میں ملازمت کا ریکارڈ، جفزا اتھارٹی کا تصدیقی خط، ملازمت معاہدے کی کاپی اور تنخواہ کی ادائیگی کا سکرین شاٹ بھی عدالت میں پیش کیے ۔ جس پر خواجہ حارث نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ دبئی جانے والے جے آئی ٹی ممبران کو بطور گواہ پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ریفرنس کی سماعت (آج)بدھ تک ملتوی کر دی ۔ آج بھی واجد ضیاء اپنا بیان جاری رکھیں گے۔