محمد عباس نے وقار یونس اور محمد آصف کا ریکارڈ برابر کردیا

اب تک10ٹیسٹ میچز میں 16.41کی اوسط سے51وکٹیں حاصل کرچکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 اکتوبر 2018 19:11

محمد عباس نے وقار یونس اور محمد آصف کا ریکارڈ برابر کردیا
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر2018ء) پاکستانی فاسٹ باﺅلر محمد عباس نے ٹیسٹ کرکٹ میں سابق ہم وطن فاسٹ باﺅلرز وقار یونس، محمد آصف اور شبیر احمد کی تیز ترین 50 ٹیسٹ وکٹوں کا ریکارڈ برابر کردیا ہے ۔28سالہ محمد عباس کو منگل کو آسٹریلیا کے خلاف شروع ہوئے دوسرے ٹیسٹ میں یہ اعزاز حاصل کرنے کے لیے ایک وکٹ درکار تھی اور انہوں نے کینگرو اوپنر عثمان خواجہ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ کروا کر یہ کارنامہ سر انجام دے دیا ۔

،عباس یہ کارنامہ انجام دینے والے مشترکہ طور پر دوسرے پاکستانی باﺅلر بن گئے ہیں ۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے صرف 9 میچز میں پچاس وکٹیں مکمل کر کے ملکی ریکارڈ پر قبضہ جما رکھا ہے جبکہ وقار، آصف اور شبیر نے 10، 10 میچز میں یہ اعزاز پایا تھا اور اب عباس بھی آسٹریلیا کے خلاف کیریئر کے دسویں میچ میں اس ریکارڈ میں شراکت دار بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

عباس اب تک10ٹیسٹ میچز میں 16.41کی اوسط سے51وکٹیں حاصل کرچکے ہیں ۔ شیخ زید سٹیڈیم،ابوظہبی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹیسٹ ڈیبیو کرنےوالے فخر زمان اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا۔محمد حفیظ4رنز بنا کر مچل سٹارک کا نشانہ بن گئے ،اظہر علی اور فخر زمان نے دوسری وکٹ کے لیے52رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد اظہر علی 15رنز بنا کر نیتھن لیون کی گیند پر انہی کو کیچ تھما بیٹھے، اگلی گیند پر لیون نے حارث سہیل کو چلتا کیا جب کہ اپنے اگلے اوور میں اسد شفیق اور بابر اعظم کو بھی کوئی رن بنانے کا موقع دیئے بغیر پوویلین بھیجا۔

تجربہ کار کھلاڑیوں کے آﺅٹ ہونے کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو سہارا دیا اور147 رنز کی شراکت قائم کی۔فخر زمان نروس نا ئننٹیز کا شکا ر ہوتے ہوئے94رنز پر پوویلین لوٹے ۔ بلال آصف12رنز بنا کر پوویلین لوٹے جبکہ کپتان سرفراز احمدنے94رنزبنانے کے بعد غیر ذمہ درانہ شاٹ کھیل کر وکٹ گنوائی ،یاسر شاہ 28رنز کی عمدہ باری کھیل کر مچل مارش کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ محمد عباس10رنز بنا کر سٹارک کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

آسٹریلیا کیلئے لیون نے 4، لبسچینکی نے3اور سٹارک نے دو وکٹیں حاصل کیں،ایک وکٹ مچل مارش کو ملی ۔ آسٹریلیا کیلئے عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے اننگز کا آغاز کیا ،فاسٹ باﺅلر محمد عباس نے پہلے 3رنز پر عثمان خواجہ کو پوویلین بھیجا اور پھر دن کی آخری گیند پر پیٹر سڈل کی بھی وکٹ حاصل کی ۔