جامعہ سندھ میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان اور علامہ آئی آئی قاضی مرکزی لائبریری کے تعاون سے کتابی نمائش کا افتتاح

منگل 16 اکتوبر 2018 20:28

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) جامعہ سندھ میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان اور جامعہ سندھ کی علامہ آئی آئی قاضی مرکزی لائبریری کے تعاون سے چار روزہ کتابی نمائش کا افتتاح شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کیا، اس موقع پر آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی ریجنل ڈائریکٹر سلمیٰ عادل اور چیف لائبریرین محمد اعظم رونجھو، اساتذہ، عالم، طلباء اور کتابوں سے پیار کرنے والے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ کتاب ہمیشہ انسان کے دوست رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہ ہی لوگ لیڈر بنے ہیں جو مسلسل مطالعا کرتے ہیں، مطالعے سے انسان میں شعور پیدا ہوتا ہے، سوچ وسیع ہوتی ہے اور دنیا کے معاملات کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس میں ہمیشہ بہترین و معیاری کتب چھپواکر دنیا بھر میں علم کی روشنی کو پھیلایا ہے۔

ڈاکٹر برفت نے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جامعہ سندھ سے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی ریجنل ڈائریکٹر سلمیٰ عادل نے کہا کہ ان کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کو معیاری کتب کم داموں میں فراہم کریں، موجودہ نمائش کے علاوہ ایسی کئی نمائشیں اس مقصد کی کڑی ہے۔ جامعہ سندھ کے علامہ آئی آئی قاضی لائبریری کے چیف لائبریرین محمد اعظم رونجھو نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ایشیا فائونڈیشن پاکستان کے خاص تعاون کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے حال ہی میں جامعہ سندھ کو 50 لاکھ روپے کے قیمتی، نایاب اور اہم کتب بطور تحفہ دیے ہیں جو ایک بڑی علمی خدمت ہیں۔