راولپنڈی کو پاکستان کاجدید ترین شہربنایا جائے گا،گورنر پنجاب

منگل 16 اکتوبر 2018 20:45

راولپنڈی کو پاکستان کاجدید ترین شہربنایا جائے گا،گورنر پنجاب
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ تجارتی سرگرمیوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،حکومت کاروباری طبقہ کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کے جذبے کو قائم رکھے گی،راولپنڈی میں آئی ٹی پارک کے قیام اور بائی پاس روڈ کی تعمیر کے لیے تمام ممکن وسائل و کوششیں کی جائیں گی، راولپنڈی کو پاکستان کاجدید ترین شہربنایا جائے گا ، تمام ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں تاجر وفد سے ملاقات میں کیا ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی نمائندگی صدر چیمبر ملک شاہد سلیم اور سابق صدر سہیل الطاف نے کی ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہاکہ راولپنڈی ریجن میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

راولپنڈی چیمبر کے صدر ملک شاہد سلیم نے کہاکہ چیمبر آف کامرس کا راولپنڈی میں آئی ٹی پارک کی تعمیر کا دیرنیہ مطالبہ ہے آئی ٹی کا شعبہ تیزی کے ساتھ فروغ پا رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ راولپنڈی شہر تیزی سے صنعتی شہر میں تبدیل ہو رہا ہے اور جغرافیائی لحاظ سے بہت اہم لوکیشن پر واقع ہونے کی وجہ سے اسکی سٹرٹیجک اہمیت بڑھ گئی ہے ۔

صدر آر سی سی آّئی نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے تاجروںکو درپیش مشکلات سے گورنر پنجاب کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ ٹیکسوں کے نظام میں بہتری، اصلاحات اور ان کا دائرہ کار بڑھانے کے حوالے سے تجاویز بھی دیں ۔