Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس

اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر ارباب شہزاد کا پنجاب میں 100 روزہ ایجنڈے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار پنجاب میں 100 روزہ ایجنڈے پر مثبت پیش رفت ہو رہی ہے، خوشی ہے کہ ایجنڈے کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے،ارباب شہزاد بلدیاتی نظام کو حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے کام مکمل کر لیا گیا ہے،نئے بلدیاتی نظام سے عوام بااختیار ہوں گے،عثمان بزدار

منگل 16 اکتوبر 2018 21:14

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے پر پیش رفت کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت 90شاہراہ قائداعظم پر وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے کے حوالے سے صوبے سے متعلق 15 نکات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر ارباب شہزاد نے پنجاب میں 100 روزہ ایجنڈے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب میں 100 روزہ ایجنڈے پر مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور مجھے خوشی ہوئی ہے کہ 100 روزہ ایجنڈے کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے 100 روزہ ایجنڈے پر پیش رفت کے حوالے سے صوبہ پنجاب میں بروقت اقدامات کئے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ تمام اہداف کو مقررہ مدت میں پورا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا 100 روزہ ایجنڈا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا مربوط پروگرام ہے اور اس ایجنڈے کے تحت بلدیاتی نظام کو حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

نئے بلدیاتی نظام سے عوام بااختیار ہوں گے جبکہ پولیس نظام میں اصلاحات کا ایجنڈا مکمل کریں گے اور پولیس کو عوام کا خادم بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سول سروسز میں اصلاحات کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ محکموں میں تنظیم نو اور کفایت شعاری کیلئے بھی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کیلئے صوبائی سطح پر بھی کمیٹی بنائیں گے اورکمیٹی کے ممبران کو رواں بجٹ سیشن میں نامزد کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبہ میں اصلاحات کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ہیلتھ کارڈ کا دائرہ کار پنجاب کے ہر ضلع تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ لیبر پالیسی اور صنعتی پالیسی پر بھی کام ہو رہا ہے۔صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے نئے مقامات کو ڈویلپ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ زراعت اور لائیوسٹاک محکموں میں بہت پوٹینشل موجود ہے اور ان شعبوں کی پائیدار ترقی سے صوبہ پنجاب کے فارمرز کو سہولتیں ملیں گی۔انہوں نے کہاکہ صوبائی واٹر پلان مرتب کرنے کے کام کو جلد مکمل کیا جائے گا کیونکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہر شہری کا حق ہے۔تحریک انصاف کی حکومت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے مربوط پلان مرتب کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب کی مہم زور و شور سے جاری ہے اور ہم سب نے مل کر وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔وزیراعظم کے مشیرارباب شہزاد، سینئر وزیر عبدالعلیم خان، متعلقہ صوبائی وزراء، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات