پنجاب حکومت نے موجودہ حالات میں آئیڈیل بجٹ پیش کیا ، سینئر وزیر عبدالعلیم خان

منگل 16 اکتوبر 2018 22:38

پنجاب حکومت نے موجودہ حالات میں آئیڈیل بجٹ پیش کیا ، سینئر وزیر عبدالعلیم ..
لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے موجودہ حالات میں آئیڈیل بجٹ پیش کیا ہے اور عوام پر بوجھ ڈالے بغیر صوبے کے وسائل میں اضافے کی راہ نکالی ہے ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت حقیقی معنوں میں ترقی لائے گی اور تعلیم ، صحت اور فلاحی منصوبے ہماری عملی ترجیحات ہونگے ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 20کھرب 26ارب روپے کا میزانیہ پیش کر کے اپنی اولین ذمہ داری پوری کی ہے اور انشاء اللہ آنے والے دنوں میں ملک کے سب سے بڑے صوبے کو اُس ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے جس کیلئے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ بجٹ سیشن میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی بجائے اپوزیشن نے جو اوچھے ہتھکنڈے اختیار کیے ہیں اُن کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، اپنے گاڈ فادر کی کرپشن چھپانے کیلئے کیا جانے والا یہ انوکھا احتجاج انتہائی مضحکہ خیز ہے اور عوام اُن عناصر کی چیخیں سن رہے ہیں جنہوں نے پنجاب جیسے خوشحال اور سرپلس بجٹ رکھنے والے صوبے کو میٹرو اور اورنج لائن ٹرین جیسے بودے منصوبوں کی بھینٹ چڑھا دیا اور آج وفاق کی طرح پنجاب بھی قرضوں کے بوجھ تلے دب چکا ہے اور حکومت کے پاس کاروبار مملکت چلانے کے فنڈز بھی نہیں، سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز لیگ کا یہ احتجاج خود ان کی صفوں میں فارور بلاک بننے کا باعث ہوگا اور سنجیدہ اراکین اسمبلی ایسی ہلڑ بازی کا ہرگز ساتھ نہیں دینگے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ کاش آج گلا پھاڑ نے اور نعرے بازی کرنے والے شہباز شریف اینڈ کمپنی سے سوال کرتے کہ کیوں انہوں نے اپنے من پسند منصوبوں کی خاطر پورے صوبے کا مالیاتی نظام تباہ کر کے رکھ دیا ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ پنجاب کو نئے سرے سے عوامی خواہشات کے مطابق تعمیر کریں گے اور ماضی کی حکومت کی خرابیوں کو دور کیا جائیگا ، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام بھی بہتری کی نوید لائیگا اور نئے بجٹ میں مقامی حکومتوں کو مضبوط بنا کر شہریوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کیے جائیں گے ،عبدالعلیم خان نے اپوزیشن اراکین سے بھی کہا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور منتخب ایوان کو مچھلی منڈی بنانے کی بجائے اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے بہتری کی تجاویز سامنے لائیں گے اورآئندہ ایسی روش سے اختیار نہیں کرینگے۔