Live Updates

مراد سعید کی زیر نگرانی نیلامی کے عمل میں شامل 33 گاڑیاں فروخت

گاڑیوں کی نیلامی سے وزارت مواصلات کو 4 کروڑ 47 لاکھ روپے حاصل ہوئے گاڑیوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانہ میں جمع کروائی جائے گی ،ْوزیر مملکت مراد سعید

منگل 16 اکتوبر 2018 22:47

مراد سعید کی زیر نگرانی نیلامی کے عمل میں شامل 33 گاڑیاں فروخت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کی زیر نگرانی نیلامی کے عمل میں شامل 33 گاڑیاں فروخت ہو گئی ہیں۔ 33 گاڑیوں کی نیلامی سے وزارت مواصلات کو 4 کروڑ 47 لاکھ روپے حاصل ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق نیلامی کے دوران 4 پراڈو 4 ڈبل کیبن اور 2 ہائی ایس سمیت متعدد گاڑیاں فروخت کی گئیں۔

گاڑیوں کے خریداروں کو 10 فیصد ٹیکس ایف بی آر کو ادا کرنا ہوگا۔دوسری جانب وفاقی حکومت کی کفایت شعاری مہم کے سلسلے میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی گاڑیوں کی نیلامی (آج) بدھ کو صدر ریجنل آفس واقع نزد چمکنی انٹرچینج پشاور روڈ میں منعقد ہوگی۔ ممبر نارتھ زون این ایچ اے پشاور مکیش کمار نیلام عام کے عمل کی نگرانی کریں گے۔

(جاری ہے)

کل 15 گاڑیاں نیلام کیلئے پیش کی جائیں گے جن میں 6 پراڈو اور 9 دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔

وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے اس موقع پر کہا کہ گاڑیوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانہ میں جمع کروائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بڑی بڑی گاڑیوں کے مزے ختم، اب افسران کو کارکردگی دکھانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 100 روزہ منصوبہ بندی میں شامل اہداف تیزی سے حاصل کر رہے ہیںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداروں میں کرپشن ناسور کی طرح پھیل چکی ہے ، گاڑیوں کی نیلامی سے حکومت نے پروٹوکول کے نظام کا خاتمہ کردیا ہے، افسران نے 15، 15، 20،20 گاڑیاں رکھی ہوئی تھیں، عوام کے پیسے پر عیاشیاں کرتے تھے، بیوی اور بچوں کو الگ الگ گاڑیاں دے رکھی تھیں، ملک میں فضول خرچی کا رواج تھا، عوام کے پیسے سے بڑی بڑی گاڑیاں خرید کر عیاشی کے لیے استعمال کی جارہی تھیں۔

اب ایسا نہیں ہوگا۔ قانونی اجازت سے زیادہ گاڑیاں رکھنے والے ادارے اور افسران قانون کے شکنجے میںآئیں گے ، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ این ایچ اے میں اوپر سے لے کر نیچے تک کرپشن کاخاتمہ کریں گے، میری وزارت میں بد عنوان افسر اور اہلکاروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزارت مواصلات کے ذیلی ادارے این ایچ اے کی مجموعی طورپر 219 گاڑیوں کو نیلام کیا جائے گا جن میں سے این ایچ اے ہیڈ کوارٹر میں 76 گاڑیوں کی نیلامی کا عمل آج ہی مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں لوگ جو محلات میں رہتے تھے عوام کے پیسے پر عیاشیاں کررہے تھے اور شہری غربت کے ہاتھوں خود کشیاں کرنے پر مجبور تھے لیکن ہماری حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اس وی آئی پی ماحول اور پروٹوکول کے خاتمے کا عزم کرتے ہوئے لوٹا ہوا پیسہ واپس لانے کا وعدہ کیا ہے جسے ہر صورت پورا کیاجائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وقت تیزی سے بدل رہا ہے ہم دو پاکستان نہیں ایک پاکستان جو ترقی یافتہ ہو گا تشکیل دے رہے ہیں۔

عمران خان عوام کے مسائل سن رہے ہیں غریبوں کے لئے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تھوڑا مشکل دور ہے مگر گزر جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کے پی کے میں محکمہ پولیس کو نئے سرے استوار کیا گیا، دوسرے صوبوں میں بھی پولیس کو صحیح سمت میں لانے کے لئے کے پی کے کے مطابق اصلاحات لے کر آئیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا مطلب عوام کی دولت کو لوٹ کر عیاشیاں کرنا نہیں بلکہ یہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے پیسے خرچ کرنے کا نام ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات