بی آئی ایس پی کی مستحقین کو سکل ڈویلپمنٹ کی تربیت کی فراہمی کے لئے بی آئی ایس پی اور ایچ آئی ٹی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

منگل 16 اکتوبر 2018 22:50

بی آئی ایس پی کی مستحقین کو سکل ڈویلپمنٹ کی تربیت کی فراہمی کے لئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی مستحقین کو سکل ڈویلپمنٹ کی تربیت فراہم کرنے کے حوالہ سے بی آئی ایس پی اور ہزا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایچ آئی ٹی) کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ ڈی جی سی آئی ساجد بلوچ اور سی ای او ایچ آئی ٹی اظہر اقبال سندھو نے سیکرٹری بی آئی ایس عمر حمید خان اور بی آئی ایس پی کے دیگر ڈائریکٹر جنرلز کی موجودگی میں مفاہتمی یادداشت پر دستخط کئے۔

مفاہمتی یادداشت کے مطابق ابتدائی طورپر 200 بی آئی ایس پی مستحقین کو مختلف ہنر کی تربیت دی جائے گی جن میں فیبریکیشن، ویلڈنگ، ڈرائیورز برائے ہیوی مشینری، الیکٹریشن، سٹیل فکسرز اور دیگر شعبہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انسٹی ٹیوٹ نہ صر ف ان مستحقین کو تربیت فراہم کرے گا بلکہ تربیت کے بعد ان کی ملازمت کو بھی یقینی بنائے گا۔ سیکرٹری بی آئی ایس پی نے اس شراکت داری کو Graduation through Collaboration قرار دیا کیونکہ یہ باہمی اشراک بی آئی ایس پی مستحقین کو غربت سے باہر نکالے گا اور انہیں ملازمت کے اہل بنائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس شراکت داری کو جلد ہی پاکستان کے دیگر اضلاع میں بھی وسعت دی جائے گی۔ ایچ آئی ٹی کے سی ای او نے بی آئی ایس پی کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ ہم اس شراکت داری کی قدر کرتے ہیں اور ہم پاکستان میں غربت کے خاتمے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔