Live Updates

ضمنی انتخابات ،ایم ایم اے کی حمایت سے جمہوری قوتوںکی کامیابی خوش آئند ہے، پیر اعجاز ہاشمی

میڈیا کے پولنگ اسٹیشنوں میں داخلے پر جزوی پابندی آزاد صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے،نائب صدر متحدہ مجلس عمل

منگل 16 اکتوبر 2018 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے ضمنی انتخابات میں ایم ایم اے کی حمایت سے جمہوری قوتوں خصوصاً مسلم لیگ ن کی کامیابی کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی نتائج سے واضح ہوگیا ہے کہ 25۔ جولائی کے انتخابات میں تحریک انصاف کو جعلی مینڈیٹ سے جتوایا گیا ، جس میں عمران خان اور اس کی جماعت کو اکثریت دلوائی گئی اوراسٹیبلشمنٹ کے چہیتوں کے مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔

جبکہ ضمنی انتخابات سے پہلے قائد حز ب اختلاف میاں شہباز شریف کی گرفتاری اور مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ سعد رفیق کے بارے میں نیب اور دیگر اداروں کے نام پر منفی پراپیگنڈہ قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

لیکن اس کے باوجود اپوزیشن جماعتوں کا پی ٹی آئی کی جیتی نشستو ں ہر کامیابی حاصل کرنا جمہوریت پسندوں کے لئے نیک شگون ہے۔حلقہ این اے 131 لاہور سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے انتخابی نتائج کو بدلنے کے حربے بھی ناکام بنادیے۔

عام انتخابات کی طرح ضمنی الیکشن میں بھی میڈیا کے پولنگ اسٹیشنوں میں داخلے پر جزوی پابندی افسوسناک ، قابل مذمت اور آزاد صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جے یو پی کے رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے امید کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں اپوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔جس ا نداز سے مہنگائی کی گئی ہے، عوام کو جعلی مینڈیٹ کا اندازہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ایم کیوایم، اختر مینگل اور مسلم لیگ ق کی بیساکھیوں پر قائم حکومت اپوزیشن کی بہتر حکمت عملی سے زمین بوس ہوسکتی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات