لاہور ،وائس چانسلرپنجاب نیورسٹی نے سنٹر فار سائوتھ ایشین سٹڈیز میں انڈیا سٹڈی ڈیسک کا افتتاح کر دیا

منگل 16 اکتوبر 2018 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی نے سنٹر فار سائو تھ ایشین سٹڈیز میں انڈیا سٹڈی ڈیسک کا افتتاح کر دیا۔ اس سلسلے میں سنٹر کے آڈیٹوریم میں خصوصی تقریب کا انعقادہوا جس میں ڈین فیکلٹی آف آٹس اینڈ ہیومینٹیز پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چائولہ ، ڈائریکٹر سنٹر پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید ، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے ڈاکٹر عنبرین جاوید کی شعبہ تعلیم میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی جائے گی اور فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر عنبرین جاوید نے کہا کہ سنٹرفار سائوتھ ایشین سٹڈیز کے زیر اہتمام پاکستان میں اپنی نوعیت کے منفرد انڈیا سٹڈی ڈیسک کاافتتاح کیا جانا سنٹر کیلئے باعث افتخار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سنٹر میں جلد ہی انڈین سٹڈیز اور جرنل آف انڈین سٹڈیز کے ڈپلومہ کا بھی آغاز کر دیا جائے گا جو ملک میں پہلی بار ہوگا۔ انہوں نے حوصلہ افزائی کرنے ، فنڈز مہیا کرنے اور کاوشوں کو سراہنے پر وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چائولہ نے انڈین سٹڈی ڈیسک کے افتتاح پر سنٹر فار سائوتھ ایشین سٹڈیز کی انتظامیہ کو مبارک باد پیش کی۔