پشاور،وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخواکاپشاور کو پولیو سے پاک کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ

انسداد پولیو فورس کو سیکیورٹی سمیت ہر قسم کی مطلوبہ معاونت فراہم کی جائے گی،محمود خان

منگل 16 اکتوبر 2018 22:50

پشاور،وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخواکاپشاور کو پولیو سے پاک کرنے کے حکومتی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا محمو د خا ن نے پشاور کو پولیو سے پاک کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس مقصد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے اور انسداد پولیو فورس کو سیکیورٹی سمیت ہر قسم کی مطلوبہ معاونت فراہم کی جائے گی، مضبوط اور مربوط ٹیم ورک کے ذریعے اس قومی مقصد میں کامیابی حاصل کریں گے۔

نومبر کے پہلے ہفتے میں انسداد پولیو پر پشاور میں بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جائے گی جسکی صدارت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں وزیر اعظم کے مشیر برائے انسداد پولیو بابر خان کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور، سی سی پی او اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پولیو کے خاتمے کیلئے مرکزی حکومت کی منصوبہ بندی ،ترجیحات، حساس اضلاع اور پشاور میںپولیو کی صورتحال پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔ ملاقات میں پشاور کو پولیو فری بنانے کیلئے خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت سے اتفاق کیا گیا اور اس سلسلے میں مرکزی حکومت کی غیر معمولی دلچسپی کا بھی اظہار کیا گیا۔اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پشاور کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کرنے کیلئے خصوصی جدوجہدکی جائے گی اور حساس علاقوں پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پشاور کو پولیو فری بنانا ہمارا اجتماعی مقصد ہے جس کیلئے ٹیم ورک نا گریر ہے، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے بھر پور تعاون یقینی بنائیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے پولیو کے خاتمے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ پولیو کی روک تھام پر بھرپور فوکس کیا جا رہا ہے اور قابل عمل اورجامع ایکشن پلان بنایا گیا ہے۔